وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے لاہور جلسے کےحوالے سے ویڈیو پیغام جاری کردیا
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلی خیبرپختونخواعلی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا سے نکلنے والے قافلوں کی قیادت میں خود کروں گا اور ہم حقیقی آزادی کیلئے عمران خان کے ساتھ ہیں۔
اپنےویڈیو پیغام میں علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ 21 ستمبر کو مینار پاکستان لاہور میں جلسے کا مقصد حقیقی آزادی ہے، ہمارے آباﺅواجداد نے جانی ومالی قربانیاں دے کر پاکستان حاصل کیا ، آج وقت آگیا ہے کہ ہم مافیاز، ان کرپٹ لوگوں اوران مینڈیٹ چوروں سے اپنی حقیقی آزادی لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان نے کہا کہ گھبرانا نہیں ، ہم ان مینڈیٹ چور حکمرانوں سے کہتے ہیں کہ انھوں نے گھبرانا نہیں ، پورے پاکستان نے جلسہ کے لیے نکلنا ہے، خیبرپختونخوا سے لاہور جانے والے قافلوں کی قیادت میں خود کروں گا‘۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ فیصلہ کریں کہ ہم نے آزادی لینی ہے یا ان چوروں ، لٹیروں اور مینڈیٹ چوروں کے حوالے اپنے بچے کرکے انھیں غلام بنانا ہے ، ہم آزاد تھے اور آزاد رہیں گے اور اپنی آزادی کے لیے عمران خان کے ساتھ رہیں گے۔