اسرائیل کا ایک اور وار،حزب اللہ ارکان کے واکی ٹاکیز بھی اڑادیئے
بیروت (ڈیلی پاکستان آن لائن)لبنان کے جنوبی علاقے اور دارالحکومت بیروت پیجرز دھماکوں کے بعد ایک بار پھر دھماکوں سے گونج اٹھے ہیں، پیجرز کے بعد اسرائیل نے اب واکی ٹاکیز کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیل نے منگل کو ایرانی حمایت یافتہ لبنانی عسکری تنظیم حزب اللہ کے ارکان کے زیر استعمال پیجرز کو ہیک کرکے انہیں چھوٹے بموں میں تبدیل کردیا تھا، جس کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 3 ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے۔دھماکوں کا نشانہ بننے والوں میں ایرانی سفیر بھی شامل تھے جو ایک آنکھ سے محروم ہوگئے۔
آج اسرائیل نے واکی ٹاکیز (ہاتھ میں پکڑے جانے والے ریڈیو) کو نشانہ بنایا جو لوگوں کے ہاتھوں میں پھٹ گئے۔خبر رساں ادارے ”روئٹرز“ کے مطابق، کم از کم ایک دھماکہ حزب اللہ کی طرف سے گزشتہ روز ہلاک ہونے والوں کے جنازے کے قریب ہوا۔
رپورٹ کے مطابق ایک سیکیورٹی ذرائع نے روئٹرز کو بتایا کہ یہ ریڈیوز بھی 5ماہ قبل حزب اللہ نے اسی وقت خریدے تھے جب پیجرز خریدے گئے تھے۔ایک سینئر لبنانی سیکیورٹی ذرائع اور ایک اور ذریعے نے روئٹرز کو بتایا کہ اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد نے منگل کو ہوئے دھماکوں سے مہینوں پہلے حزب اللہ کی طرف سے درآمد کیے گئے پیجرز کے اندر دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا۔
لبنان کے وزیر صحت فراس ابیاد نے بدھ کو بتایا کہ مرنے والوں کی تعداد 12 ہو گئی، جن میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ منگل کے حملے میں تقریباً3 ہزار افراد زخمی ہوئے، جن میں عسکریت پسند گروپ کے بہت سے جنگجو اور بیروت میں ایران کے ایلچی بھی شامل تھے۔