پنجاب میں ایک اور نوبیاہتا جوڑا شادی کے فوراً بعد تھانے پہنچ گیا

پنجاب میں ایک اور نوبیاہتا جوڑا شادی کے فوراً بعد تھانے پہنچ گیا
پنجاب میں ایک اور نوبیاہتا جوڑا شادی کے فوراً بعد تھانے پہنچ گیا
سورس: Screengrab

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مظفر گڑھ (ویب ڈیسک) پنجاب میں ایک اور نوبیاہتا دولہا شادی کے بعد اپنی نئی نویلی دلہن کو لے کر تھانے پہنچ گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبے کے کئی شہروں میں بنے ماڈل پولیس تھانوں کی دھوم بڑھتی جا رہی ہے، جس کے بعد نوبیاہتا جوڑے فوٹو شوٹ کے لیے شادی کے فوراً بعد تھانوں کا رخ کرنے لگے ہیں۔ترجمان پولیس کے مطابق تھانہ صدر مظفر گڑھ کے علاقے میں ایک جوڑا ولیمے کے فوراً بعد فوٹو شوٹ کے لیے تھانے پہنچ گیا، جہاں انہوں نے تھانے کے استقبالیہ اور گیلری میں اپنی تصاویر بنوا کر یادگار کے طور پر محفوظ کیں۔

فوٹو شوٹ کے موقع پر دولہا دلہن نے اپنے ویڈیو بیان میں تھانے کی خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فوٹوگرافرز کے مشورے پر تھانے میں فوٹو شوٹ کے لیے آئے۔ دلہن کا کہنا تھا کہ کبھی سوچا نہیں تھا کہ مظفر گڑھ میں ایسی خوبصورت عمارت بھی ہے، جس کا ماحول بھی بہت پرسکون ہے۔دلہن کا مزید کہنا تھا کہ تھانے آکر بہت خوشی محسوس کررہی ہے، یہاں بہترین ماحول اور پولیس کے اچھے رویے نے بہت متاثر کیا ہے۔

دولہا نے اس موقع پر کہا کہ فوٹو شوٹ کی اجازت دینے پر ایس ایچ او کے مشکور ہیں۔ جب میں نے اپنی فیملی سے کہا کہ میں ولیمے کے بعد دلہن کو تھانے لے کر جاؤں گا تو وہ پریشان ہو گئے، پھر جب بتایا کہ فوٹو شوٹ کے لیے جانا ہے تو ان کی پریشانی خوشی میں بدل گئی۔دولہا فخر عباس کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس مکمل تبدیل ہو چکی ۔ صوبے میں تھانے خوبصورتی کا شاہکار بن گئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ہی مظفر گڑھ ہی سے ایک نوبیاہتا جوڑا شادی کے فوراً بعد فوٹو شوٹ کے لیے تھانے پہنچا تھا۔