محکمہ صحت کے ڈویژنل مانیٹرنگ ٹیم کا ڈی ایچ کیو ہسپتال ہری پور کا اچانک دورہ

محکمہ صحت کے ڈویژنل مانیٹرنگ ٹیم کا ڈی ایچ کیو ہسپتال ہری پور کا اچانک دورہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر )محکمہ صحت کی ڈویژنل مانیٹرنگ ٹیم نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہری پور کا اچانک دورہ کیا اور ناقص انتظامی معاملات پر ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو براہ راست ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ایک مہینے کے اندر اندر ہسپتال کے انتظامی و طبی معاملات درست کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی ۔ ٹیم نے ہسپتال میں صفائی کی غیر تسلی بخش صورت حال پر متعلقہ عملے کی تنخواہیں بھی کاٹ دیں ۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی خصو صی ہدایت پر ڈویژنل مانٹیرنگ ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر خالد کی قیادت میں آٹھ رکنی ٹیم نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر کا اچانک دورہ کیا ۔ ٹیم میں محکمہ صحت کے دیگر متعلقہ حکام کے علاوہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعمیرات و مواصلات کے نمائندے بھی شامل تھے ۔ مانیٹرنگ ٹیم کی رپورٹ کے مطابق ہسپتال میں ادویات کا کوئی مناسب سٹور موجود نہیں تھااور نہ ہی ہسپتال میں صفائی ستھرائی کا مناسب انتظام نہیں تھا ۔ ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم غیر فعال ہونے کی وجہ سے مریضوں کو مینویل رسید جاری کئے جاتے تھے اور پیڈز وارڈ میں مریضوں کے لئے جگہ کم تھی ،پورے ہسپتال میں کوئی بھی آٹو کلیو فعال نہیں تھا جبکہ نیا خریدا گیا آٹوکلیو بھی کام نہیں کر رہا تھا ۔ مانیٹرنگ ٹیم نے ان تمام ناقص انتظامی معاملات کا براہ راست ذمہ دار ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹھہراتے ہوئے ایک مہینے کے اندر سارے معاملات ٹھیک کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی ۔ مانیٹرنگ ٹیم نے محکمہ صحت کو یہ سفارش بھی کی ہے کہ ہسپتال کے لئے امیج انٹسفائیر ، کمیکل اور ہیماٹولوجی انالائنرز درکار ہیں جن کی فراہمی کے لئے مناسب اقدامات اٹھائے جائیں ۔ واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی خصوصی ہدایات محکمہ صحت کے انیڈینڈنگ مانٹیرنگ یونٹ کے ڈویژنل مانیٹرنگ ٹیموں کو اپنے متعلقہ ڈویژنز میں سرکاری ہسپتالوں کے ہنگامی دورے کرکے رپورٹس پیش کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے تاکہ ان مانیٹرنگ ٹیمو ں کی رپورٹس کی روشنی میں ان ہسپتالوں کے انتظامی معاملات ٹھیک کرنے اور وہاں پر درکار سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس اور بروقت اقداما ت اٹھائے جا سکیں اور وہاں پر علاج معالجے کی خدمات وسہولیات کو مزید بہتر بانیا جا سکے ۔