حکومت بلا تفریق ترقیاتی منصوبے مکمل کر رہی ہے : محب اللہ

حکومت بلا تفریق ترقیاتی منصوبے مکمل کر رہی ہے : محب اللہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک ‘ فشریز و امداد باہمی محب اللہ خان اورپاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی مراد سعید نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت صوبے کے کونے کونے میں بلا تفریق ترقیاتی منصوبے مکمل کر رہی ہے جن پر اربوں روپے خرچ ہونگے اور ہماری اقدامات کی بدولت بڑی حد تک عوام کے بنیادی مسائل حل ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کانجو سوات شام بابا روڈ کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی ملاکنڈ ریجن کے سینئر نائب صدر حاجی فضل مولا، ضلع سوات کے سینئر نائب صدرسعید خان اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوے محب اللہ خان اور مراد سعید نے کہا کہ مذکورہ سڑک کی تعمیر عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا جسے پی ٹی آئی کی حکومت نے مکمل کرکے علاقے میں سیاحت و تجارت اور آمدورفت کی سہولتوں میں اضافہ کیا ہے اور اس سے بڑی آبادی مستفید ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے پی ٹی آئی کے منشور کے مطابق نظام میں تبدیلی لانے کے لئے ایسی قانون سازی کی ہے جس کے باعث عام آدمی کی زندگی میں بہتری آئی ہے اور صحت و تعلیم سمیت دیگر اہم شعبوں پر عوام کا اعتماد بحال ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی مخالفین کی سازشوں کے باوجود عوامی مقبولیت حاصل کر چکی ہے اور اسے ملک و قوم کی خدمت کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔