افغان فورسز اور غیر ملکی سیکیورٹی دستوں کا ہلمند میں طالبان کی نجی جیل پر حملہ ،2پولیس اہلکاروں اور 4بچوں سمیت 30افراد بازیاب
لشکر گاہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)افغان فورسز اور غیر ملکی سیکیورٹی دستوں نے افغانستان میں طالبان کے زیر اثر صوبے ہلمند میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے طالبان کی نجی جیل سے 30افراد کو بازیاب کرا لیا ہے ،اس کارروائی میں کسی طالبان کے زخمی یا مارے جانے کی اطلاعات نہیں ،دوسری طرف طالبان ترجمان کا کہنا ہے کہ ا س جیل میں دشمن کا کوئی شخص قید نہیں تھا اور اسی وجہ سے جیل کی سیکیورٹی زیادہ سخت نہیں تھی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان فورسز اور غیر ملکی فوجی دستوں نے جنوبی ہلمند میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے طالبان کی نجی جیل پر چھاپہ مار کر اس جیل میں قید 30افراد کو بازیاب کرا لیا ہے ،سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ بازیاب ہونے والوں میں 12سال سے کم عمر کے 4بچے اور دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں ، طالبان نے بازیاب ہونے والے 20افراد کو اشرف غنی حکومت کی مدد کرنے کے شبہ میں گرفتار کیا تھا اور ان میں سے کچھ لوگ فوج اور پولیس خاندانوں سے منسلک تھے۔افغان فوج کے ڈپٹی ترجمان عبدالقادر بہادر زائی نے کہا کہ جن لوگوں کو بازیاب کرایا گیا ہے ان میں سے چھ لوگوں کے بارے میں تحقیق کی جارہی ہے کہ انہیں کس معاملے میں طالبان نے جیل میں قید رکھا تھا۔دوسری طرف طالبان نے جاری ایک بیان میں کہا کہ جن لوگوں کو چھڑایاگیا ہے وہ مجرم تھے اور ان کے خلاف لوٹ مار ،اغوا،انفرادی و نجی سمیت دیگر کیسز میں سماعت جاری تھی۔طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی نے ایک بیان جاری کرکے کہا کہ اس جیل میں دشمن کا کوئی شخص قید نہیں تھا اور اسی وجہ سے جیل کی سیکیورٹی زیادہ سخت نہیں تھی۔