سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد شیئر کرنے پر خاتون کو سزائے موت و جرمانہ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) پیکا ایکٹ خصوصی عدالت اسلام آباد نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیر کیس میں جرم ثابت ہونے پر خاتون ملزمہ کو سزائے موت سنا دی۔ پیکا ایکٹ خصوصی عدالت کے جج افضل مجوکا نے فیصلہ سنایا۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق عدالت نے کراچی سے تعلق رکھنے والے ملزم محمد ہاشم کو الزام ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا سنائی۔
شگفتہ کرن کو تعزیرات پاکستان 295 سی کے تحت سزائے موت اور 3 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی جبکہ خاتون کو پیکا کی سیکشن 11 کے تحت سات سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی۔
عدالتی فیصلے میں حکم دیا گیا کہ خاتون کو تامرگ پھانسی کے پھندے پر لٹکایا جائے، مجرم خاتون 30 روز کے اندر سزا کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا حق رکھتی ہے۔عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل کو مجرمان کو جیل میں رکھنے کے وارنٹ جاری کر دیے۔