بھارت: زمین کے تنازع پر نچلی ذات والوں کے درجنوں گھر نذر آتش
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارت میں زمینی تنازع پر نچلی ذات والوں کے درجنوں گھروں کو نذر آتش کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار کے ضلع نوادہ میں گزشتہ شام کو درجنوں گھروں کو آگ لگانے کا واقعہ پیش آیا۔پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، فائر بریگیڈ کے عملے کے ساتھ موقع پر فوری پہنچ گئی اور آگ پر قابو پایا۔
پولیس کے مطابق علاقہ مکینوں نے بتایا کہ ایک گروہ نے گھروں کو آگ لگانا شروع کی جبکہ گھروں کو نذر آتش کرنے کے ساتھ ساتھ ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ یہ واقعہ زمین کا تنازع ہوسکتا ہے تاہم مقدمہ درج کرکے 10 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے اور دیگر کی تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا کہ دلت( نچلی ذات) والوں پر مظالم کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں کسی بھی جانی نقصان اور زخمیوں کی تعداد نہیں بتائی گئی ہے۔