پسماندہ طبقات کو بااختیار بنانے کے لیے ڈی ٹی آئی ٹیکنیکل مہارت پر مبنی تربیتی پروگرام جاری
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)ٹیکنیکل اینڈووکیشنل تعلیم کا سرکردہ ادارہ،ڈی ٹی آئی، مختلف تربیتی پروگراموں کے ذریعے پسماندہ طبقات کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہاہے جس کا مقصد ان افراد کو ضروری تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔ یہ اقدامات DTI کے وسیع تر مشن کا حصہ ہیں تاکہ خطے میں پسماندہ طبقات کے لیے ملازمت کے پائیدار مواقع پیدا کیے جاسکیں۔
معاشی ترقی میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کے انتہائی اہم کردار کے پیش نظر بلقیس اینڈ عبدالرزاق داؤد (BARD) فاؤنڈیشن کے پروجیکٹ DTI نے مخصوص پروگراموں کا ایک سلسلہ تیار کیا ہے تاکہ معاشی طور پر پسماندہ پس منظر رکھنے والے افراد کو مطلوبہ مہارتوں سے آراستہ کیا جاسکے۔
ڈی ٹی آئی کا نعرہ”Skills for Livelihood“ پسماندہ نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق عملی تربیت فراہم کرکے انہیں بااختیار بنانے کے عزم کو ظاہر کرتاہے۔یہ ادارہ ٹیکنیکل سکلز کے علاوہ سافٹ سکلزاورلائف سکلز کی اہمیت پربھی زور دیتا ہے جن میں صحت، تحفظ ماحولیات، مواصلات، مسائل کا حل جیسی مہارتیں شامل ہیں۔ یہ پروگرام مختلف ٹریڈز بشمول ویلڈنگ، الیکٹریکل ورک، فیبریکیشن اور دوسروں کا سہارا بننے جیسی تربیت پیش کرتے ہیں۔
ڈی ٹی آئی کا نقطہ نظر تھیوری کے علم کو عملی تجربے کے ساتھ جوڑ کراس بات کو یقینی بناتا ہے تاکہ گریجوایٹس کو جاب مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق اچھی طرح تیارکیا جائے۔ادارہ اپنے فارغ التحصیل افراد کی ملازمت کی اہلیت کو مزید بڑھاتاہے اور قومی و بین الاقوامی سطح پر انڈسٹری پارٹنرز کے ساتھ شراکت داری کرتاہے تاکہ ان گریجوایٹس کے لیے ملازمت کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کیے جاسکیں۔
ڈی ٹی آئی کے جنرل منیجر مرتضیٰ علی نے کہاکہ،”ڈی ٹی آئی میں ہمارا مشن صرف تعلیم کی فراہمی سے بہت آگے ہے۔ہم افراد کو بامقصد روزگار کے حصول اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کے لیے درکار مہارتوں سے بااختیار بنا کر ان کی زندگیاں بدلنے کے لیے پرعزم ہیں۔ اپنے پروگراموں کے ذریعے، ہمارا مقصد غربت کا خاتمہ اور ایک ایسا نظام بنانا ہے جس سے پورے معاشرے کو فائدہ پہنچے۔“
ڈی ٹی آئی کے پروگراموں نے پہلے ہی سینکڑوں زندگیوں کوبدلا ہے۔ادارہے کے بہت سے گریجوایٹس مقامی اور بین الاقوامی سطح پر ملازمت حاصل چکے ہیں۔ انسٹی ٹیوٹ کی کوششوں نے نہ صرف افراد کو کامیاب ہونے کے لیے ہنر فراہم کیے ہیں بلکہ ان لوگوں کی معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے