ساتھی اداکارہ کو جنسی ہراساں کرنے کے الزام میں معروف بھارتی اداکار گرفتار
نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست تیلنگانہ کی پولیس نے حیدرآباد (دکن) میں یوٹیوبر اور اداکار پرساد بہرا کو گرفتار کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پرساد بہرا پر ان کی ساتھی اداکارہ نے کئی ماہ سے جنسی ہراسانی کا الزام عائد کرتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کرائی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ پرساد بہرا نے گزشتہ چند مہینوں کے دوران انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا۔ شوٹنگ کے دوران ان کا رویہ نازیبا تھا اور انہوں نے نامناسب انداز میں اداکارہ کو چھوا۔
انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ جب انہیں ایک اور موقع پر ہراساں کیا گیا تو انہوں نے پرساد کو روکنے کی کوشش کی، مگر اس نے بدتمیزی جاری رکھی۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں، 11 دسمبر کو شوٹنگ سے گھر واپس جاتے ہوئے پرساد نے ان پر حملہ کیا، جس کے باعث انہیں کیس درج کروانا پڑا۔
اداکارہ کی شکایت پر پولیس نے پرساد کو بدھ کے روز حراست میں لے لیا اور عدالت میں پیش کیا، جہاں انہیں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ متاثرہ اداکارہ اور پرساد بہرا کے ایک یوٹیوب چینل کے لیے بننے والی ویب سیریز میں ساتھ کام کر رہے تھے۔