ریاست حکومت گرانے اور لانے میں مصروف ہے،سارے ادارے سیاسی مخالفین کے پیچھے پڑے ہیں،جسٹس اطہر من اللہ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ میں قتل کے ملزم کی درخواست ضمانت قبل ازگرفتاری پرجسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ ریاست حکومت گرانے اور لانے میں مصروف ہے،سارے ادارے سیاسی مخالفین کے پیچھے پڑے ہیں۔
نجی ٹی و ی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ میں قتل کے ملزم اسحاق کی درخواست ضمانت قبل ازگرفتاری پر سماعت ہوئی،جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ 2017سے یہ مقدمات سپریم کورٹ میں زیرالتوا ہے،ریاست حکومت گرانے اور لانے میں مصروف ہے،سارے ادارے سیاسی مخالفین کے پیچھے پڑے ہیں۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہاکہ ریاست کی کیا بات کریں تین وزیراعظم مارے گئے،تینوں وزرائے اعظم کے مقدمات کا کیا بنا،بلوچستان میں سینئر ترین جج بھی مارا گیا کچھ پتہ نہیں چلا، اصل بات یہ ہے کچھ کرنے کی خواہش نہیں،دیگر دو صوبوں کی نسبت سندھ، پنجاب میں تفتیش انتہائی ناقص ہے۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ جب تک ریاستی ادارے پولیٹیکل انجینئرنگ میں ہوں گے یہ ہی حال ہوگا، آئین پر عمل ہوتا تو یہ حالات نہ ہوتے،جسٹس جمال مندوخیل نے کہاکہ لوگوں کو اداروں پر یقین نہیں،لوگ جانتے ہیں سارے کام سپریم کورٹ کرے،جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ یہ ادارہ بھی اتنا سچ بولتا ہے جتنا ہمارا معاشرہ۔سپریم کورٹ نے ایس پی کو ملزم کو گرفتارکرکے جیل حکام کے حوالے کرنے کا حکم دیدیا۔