اقوام متحدہ کے وفد نے انسانی سمگلنگ، سائبر کرائم اور منشیات کی روک تھام کیلئے تعاون کی پیشکش کر دی

اقوام متحدہ کے وفد نے انسانی سمگلنگ، سائبر کرائم اور منشیات کی روک تھام ...
اقوام متحدہ کے وفد نے انسانی سمگلنگ، سائبر کرائم اور منشیات کی روک تھام کیلئے تعاون کی پیشکش کر دی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل سے اقوام متحدہ دفتر برائے انسداد منشیات و جرائم کے وفد نے سول سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ یو این او ڈی سی کے نمائندہ برائے پاکستان ٹروئلز ویسٹر نے وفد کی قیادت کی جبکہ ایڈوائزر کریمنل جسٹس اینڈ رول آف لا ارسلان ملک اور پروگرام آرگنائزر فہد قریشی انکے ہمراہ تھے۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے وفد کو انسداد منشیات و جرائم کیلئے پنجاب حکومت کی جانب سے کی گئی قانون سازی کے بارے  میں آگاہ کیا۔ اقوام متحدہ کے وفد کو پنجاب فورینزک سائنس ایجنسی کے اپگریڈیشن پلان بارے بھی بتایا گیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے اقوام متحدہ کے وفد سے منشیات کی تیاری و ترسیل کی روک تھام بارے تفصیلی گفتگو کی۔ سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ محکمہ داخلہ پنجاب سائینسی بنیادوں پر کام کر کے منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کا تعین کر رہا ہے۔

نور الامین مینگل کا کہنا تھا کہ فورینزک سائنس ایجنسی کی مدد سے منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والے را مٹیریل کی ترسیل روکیں گے۔ اقوام متحدہ کے وفد نے انسانی سمگلنگ، سائبر کرائم اور منشیات کی روک تھام کیلئے تعاون کی پیشکش کی۔

 اقوام متحدہ دفتر برائے انسداد منشیات و جرائم کے پاکستان میں چیف آف مشن ٹروئلز ویسٹر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کے جیل ریفارمز ایجنڈا پر بڑی پیشرفت قابل تعریف ہے۔  قانون کی حکمرانی اور جرائم کے خاتمے کیلئے حکومت پنجاب کی ہر ممکن مدد کریں گے۔ یو این او ڈی سی محکمہ داخلہ کے تحت حکومت پنجاب کے اداروں میں افسران کو تربیت دے گا۔

 ملاقات کے اختتام پر سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے چیف آف مشن ٹروئلز ویسٹر کو جیل میں قیدیوں کا تیار کردہ فٹبال پیش کیا۔