کراچی میں کورونا پھیلنے کی خبر غلط ہے، 100 میں سے 7 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا:وزیر صحت
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر صحت سندھ ڈاکٹرعذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ کراچی میں کورونا پھیلنے کی خبر غلط ہے، 100 افراد کے کورونا ٹیسٹ ہوئے، جن میں 7 میں کورونا مثبت آیا۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیر صحت سندھ عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ کراچی میں کورونا پھیلنے کی خبر غلط ہے، 100 افراد کے کورونا ٹیسٹ ہوئے، جن میں 7 میں کورونا مثبت آیا، موسمی فلو اور انفلوئنزا میں مبتلا لوگوں کا احتیاطاً کورونا ٹیسٹ کروایا گیا تھا۔
وزیر صحت نے کہا کہ کورونا پازیٹو لوگوں میں فلو کی بہت ہلکی علامات تھیں، کورونا میں مبتلا افراد کو ہلکی علامات کے سبب گھر بھیج دیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں اب کورونا کو فلو کی طرح ہی ٹریٹ کیا جاتا ہے، کورونا اب موسمی فلو کی طرح ہے اس سے گھبرانے کی قطعاً ضرورت نہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل ماہر متعدی امراض پروفیسر سعید خان نے بتایا تھا کہ ڈاو¿ ہسپتال میں کھانسی، بخار کی علامات کے ساتھ آنے والے 25 سے 30 فیصد مریضوں میں کورونا مثبت آرہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 10 سے 12 فیصد مریضوں میں انفلوئنزا ایچ 1 این 1 کی تصدیق ہورہی ہے، 5 سے 10 فیصد بچوں میں آر ایس وی اور سانس کے دیگر وائرس کی تصدیق ہورہی ہے، اکثر مریض ٹیسٹ نہیں کرواتے جس کے باعث بیماریوں کی تصدیق نہیں ہوتی۔
پروفیسر سعید خان نے بتایا تھا کہ ان تمام وائرسز کی علامات آپس میں ملتی جلتی ہیں، ان علامات میں بخار، کھانسی، سانس لینے میں دشواری شامل ہیں، کورونا کی علامات میں ذائقہ اور خوشبو کا ختم ہونا بھی شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا تھا کہ سردیوں میں یہ بیماریاں تیزی سے پھیلتی ہیں، ہوا کے نکاس کا ناقص نظام وائرسز کے پھیلاو¿ کی بڑی وجہ بنتا ہے۔
پروفیسر سعید خان نے ہدایت کی تھی کہ شہری احتیاطی تدابیر لازمی اپنائیں، ماسک پہنیں اور خود کو ڈھانپ کر رکھیں اور ہر سال انفلوئنزا کی ویکسین لازمی لگوائیں۔