ٹرمپ نے امریکہ کے 47 ویں صدر کا حلف اٹھالیا
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) ڈونلڈ جے ٹرمپ نے امریکہ کے 47 ویں صدر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔ انہوں نے اپنا حلف ان الفاظ کے ساتھ اٹھایا "میں، ڈونلڈ جان ٹرمپ، حلف اٹھاتا ہوں کہ میں وفاداری کے ساتھ ریاست ہائے متحدہ کے صدر کے عہدے کو انجام دوں گا اور اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ ریاستہائے متحدہ کے آئین کی حفاظت اور دفاع کروں گا، لہذا خدا میری مدد کرے۔ "
ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کے وقت ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ ان کے پہلو میں کھڑی تھیں جب کہ رخصت ہونے والے صدر جوبائیڈن اور نائب صدر کاملہ ہیرس بھی سٹیج پر موجود تھے۔ ڈونلڈ ٹرمپ سے پہلے جے ڈی وینس نے نائب صدر کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ حلف برداری کی تقریب میں امریکہ کے سابق صدور بل کلنٹن، جارج ڈبلیو بش اور باراک اوبامہ بھی موجود تھے۔