علی امین گنڈا پور پختونوں کی غیرت پر سیاہ دھبہ ہے: عظمیٰ بخاری کی کڑی تنقید
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور پختونوں کی غیرت پر سیاہ دھبہ ہے۔ یہ اپنے بدتمیز لیڈر کی طرح اول فول بک دیتا ہے۔ ہم اسے شرم دلا دلا کر تھک چکے ہیں لیکن جنگلی جانور ہ ہمیشہ جانور ہی رہتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےعلی امین گنڈاپور کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کیا۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہو تے ہوئے اسے انسانوں کی طرح گفتگو کرنی چاہیے۔ اسکی فیملی کی خواتین شاید بغیر میک اپ اور جیولری کے ہی تقریبات میں شامل ہوتی ہیں۔ مجھےگنڈا پور کی فیملی کی خواتین پر ترس آتا ہے جو اس جیسے بے شرم اور بے لگام گھوڑے کو برداشت کر رہی ہیں۔ ہمیں تو لیکچر دیا جاتا ہے کہ پختون غیرت مند قوم ہے اور بہن بیٹی کو عزت کی نظر سے دیکھتے ہیں لیکن علی امین پختون خواتین کے لئے بھی باعث شرمندگی اور ندامت کا عملی نمونہ ہے۔
عظمٰی بخاری نے مزید کہا کہ جو لوگ مریم نواز سے کارکردگی میں مقابلہ نہیں کر سکتے وہ اپنی گندی زبان سے مریم نواز کا نام بھی مت لیا کریں۔ آئندہ مریم نواز سے متعلق کسی نےگھٹیا الفاظ استعمال کیے تو حلق سے زبان کھینچ لیں گے۔