مقررہ مدت میں کرپشن کو جڑ سے اکھاڑپھینکیں گے،اشرف قریشی

مقررہ مدت میں کرپشن کو جڑ سے اکھاڑپھینکیں گے،اشرف قریشی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (ِ اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری اشرف قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں قوم نے مینڈیٹ ہی گڈ گورننس کے قیام اور کرپشن کی بیخ کنی کے لیے دیا ہے۔ ہم مقررہ مدت میں نہ صرف بہترین طرزِ حکمرانی قائم کریں گے بلکہ کرپشن کو بھی جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ جن حکمرانوں اور سیاستدانوں نے اپنے دورِ اقتدار میں معصوم قوم پر ترس نہیں کھایا، اب احتساب کے شکنجے میں آنے کے بعد ان کے شور شرابے اور الزامات پر قوم بھی کان دھرنے کے لیے تیار نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہاؤس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کیا۔ اشرف قریشی نے کہا کہ ملک میں پہلی بار حقیقی معنوں میں ٹھوس بنیادوں پر کام کا آغاز ہوا ہے۔ ابتدائی اسٹیج پر کچھ سخت فیصلوں سے یقیناًملک و قوم کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن بہت جلد ان فیصلوں کے دور رس ثمرات ملنا شروع ہوجائیں گے۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے پے درپے حکومتوں کے ذریعے کوئی ادارہ اور کوئی شعبہ ایسا نہیں چھوڑا جس کا انہوں نے بیڑہ غرق نہ کیا ہو۔ اس ہمہ گیر تباہی و بربادی پر شرمندگی اور معذرت کرنے کی بجائے یہ بے حس حکمراں طبقہ اور ان کے حواری انتہائی ڈھٹائی و بے شرمی سے جھوٹ بول رہے ہیں۔ یہ سمجھتے ہیں کہ شاید ان کی ان مکارانہ چالوں اور بے سروپا الزامات کے ذریعے یہ حکومت کو دباؤ میں لے آئیں گے اور انہیں این آر او مل جائے گا۔ انہیں یاد رکھنا چاہئے کہ ان کا واسطہ کسی بدعنوان حکمراں سے نہیں بلکہ عمران خان جیسے فائٹر سے پڑا ہے۔ یہ جتنا بھی شور مچا لیں ، اب انہیں کسی قسم کا کوئی این آر او نہیں ملے گا۔ انہیں قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس کرنا ہوگا اورا پنے جرائم کی سزا بھی بھگتنا ہوگی۔