راوی ریور فرنٹ اربن پراجیکٹ سے کتنے لاکھ افراد کو روزگار ملے گا اور کتنے لاکھ رہائشی یونٹ تیار کئے جائیں گے؟فردوس عاشق اعوان نے تاریخی منصوبے کی تمام تفصیلات بتا دیں

راوی ریور فرنٹ اربن پراجیکٹ سے کتنے لاکھ افراد کو روزگار ملے گا اور کتنے لاکھ ...
راوی ریور فرنٹ اربن پراجیکٹ سے کتنے لاکھ افراد کو روزگار ملے گا اور کتنے لاکھ رہائشی یونٹ تیار کئے جائیں گے؟فردوس عاشق اعوان نے تاریخی منصوبے کی تمام تفصیلات بتا دیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی تعمیراتی صنعت کیلئے اقدامات سے اس صنعت سے وابستہ دیگر صنعتوں کو فروغ حاصل ہو رہا ہے، تعمیرات کے شعبہ میں حوصلہ افراء ترقی وزیر اعظم کے عوام دوست وژن کی عکاس ہے، راوی ریور فرنٹ اربن پراجیکٹ مستقبل کے نئے منصوبہ سازوں کیلئے کئی دہائیوں تک ایک مثال ہوگا، تحریک انصاف کی حکومت نے پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے منصوبے کا خواب کو عملی تعبیر میں ڈھالنے کا بیڑہ اٹھایا ہے۔

ڈی جی پی آر آفس میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین شیخ محمد عمران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق حکومتیں ماضی میں نمائشی منصوبوں پر توجہ دیتی رہی ہیں۔ سات برس قبل اس پراجیکٹ کی منصوبہ بندی کی گئی مگر  ماضی کے حکمرانوں کی ترجیحات میں عوامی فلاح کے منصوبے شامل ہی نہیں تھے۔ وزیر اعظم عمران خان نے دو ماہ قبل اس منصوبہ کا افتتاح کر کے یہ ثابت کر دیا کہ تحریک انصاف کی ترجیحات میں عوامی فلاحی منصوبے سر فہرست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ مستقبل میں لاہور اور گردونواح کے علاقوں کو ناصرف خوبصورت بنائے گا بلکہ سمندر پار پاکستانیوں کی خواہشات کو بھی پورا کرے گا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ دریائے راوی لاہور کی پہچان تھا جو کہ اب گند کا ڈھیر بن چکا ہے جس میں ڈرینج کا پانی ڈالا جا رہا ہے جو لاہور کی خوبصورتی پر دھبہ بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  2800  ارب کی محفوظ سرمایہ کاری اور 12 لاکھ لوگوں کیلئے با عزت روزگار کے مواقع کے علاوہ اس منصوبہ سے18 لاکھ رہائشی یونٹ نہ صرف پنجاب بلکہ پاکستان کی  معیشت میں استحکام لائیں گے۔ صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج کل سیاسی کنیز کو شہباز شریف کی صحت کے حوالے سے کافی پریشانی لاحق ہے،اُنہوں نے سیاسی شخصیات کی غلامی کا طوق  پہن رکھا ہے اور شاہی فرمان پڑھ کر سناتی رہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ کے پاس اتنا وقت نہیں ہے کہ یہ دیکھیں کہ مخالفین انکے  خلاف کیا منصوبہ بندی کر رہے ہیں؟ تحریک انصاف ایک خاندان یا سیاسی حواریوں کو مد نظر رکھ کر پالیسی نہیں بناتی بلکہ ہماری منصوبہ بندی کا محور عوام ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے جلسوں میں کرونا ایس او پیز کا خیال رکھے کیونکہ بیمار اپوزیشن جمہوریت کیلئے فائدہ مند نہیں ہے۔ معاون خصوصی نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ایل ڈی اے کے وائس چیئر مین شیخ محمد عمران کو راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ترجمان کا اضافی چارج سونپا گیا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں شیخ عمران نے کہا کہ اس پراجیکٹ کے تحت 13خصوصی مراکز بنائے جائیں گے جن میں نالج سٹی، ہیلتھ سٹی، کمرشل سٹی، سپورٹس سٹی بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دریائے راوی کی گزر گاہ میں 46کلو میٹر لمبی اور ایک کلومیٹر چوڑی جھیل بنائے گی جبکہ پانی کیلئے بیراج اورویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جھیل میں 271 بلین لیٹر بارشوں کا وہ پانی ذخیرہ کیا جائے گا جو اس سے قبل ضائع ہو جاتا تھا- جھیل بننے سے نہ صرف دریا کا ایکو سسٹم بہتر ہوگا بلکہ زیر زمین پانی کا لیول بھی بحال ہوگا جبکہ تقریباً ایک ارب لیٹر پانی زیر زمین جائے گا اور آبی بخارات کی صورت میں موسم کو خوشگوار بنانے کا سبب بنے گا۔شیخ عمران نے کہا کہ یہاں لگائے جانے والے 60لاکھ سے زائد پودے ماحولیاتی آلودگی میں واضح کمی لائیں گے- انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ اس پراجیکٹ میں 90 فیصد میٹریل مقامی طو رپر تیار شدہ استعمال ہو گا جس سے مقامی صنعت اور معیشت کو فروغ ملے گا۔اگلے تین برس اس منصوبے پر تیزی سے کام کریں گے اور ایک نیاشہر آباد ہو گا-