دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے تمام مسالک کو مل کر بیٹھنا ہو گا: مولانا محمد خان شیرانی 

  دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے تمام مسالک کو مل کر بیٹھنا ہو گا: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 کراچی(سٹاف رپورٹر)  اسلامی نظریاتی کونسل کے سابق چیئر مین اور جے یو آئی کے مرکزی رہنما مولانا محمد خان شیرانی کی قیادت میں علماء کرام کے ایک وفد نے قباء آڈیٹوریم پہنچ کر جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، اتحاد امت اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ مولانا محمد خان شیرانی نے کہا کہ اتحاد امت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ فکری اختلافات ایک فطری چیز ہے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے تمام مسالک کے افراد کو سر جوڑ کر مل بیٹھنا ہوگا کیونکہ لڑائی و اختلافات میں ان قوتوں کو فائدہ پہنچتا ہے جنہوں نے یہ آگ لگائی ہوئی ہے۔ مولانا شیرانی نے موجودہ حالات پر گہری تشویش خاص طور پر ممتاز عالم دین مولانا ڈاکٹر عادل خان کے بیہمانہ قتل پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ محرم الحرام سے مختلف مسالک میں تناؤ کی کیفیت پائی جاتی ہے جو کہ اتحاد امت اور ملک و ملت کیلئے زہر قاتل ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام مسالک کے علماء کرام کے درمیان اعتماد کی فضا قائم اور دل آزار بیانات تقاریر سے اجتناب کیا جائے۔ امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے مولانا محمد خان شیرانی کے اتحاد امت کے جذبہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ ملکی صورتحال مہنگای سے لیکر علماء کرام کا قتل تک ہرگز اطمینان بخش نہیں کہا جاسکتا۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ اتحاد امت کی بات کی ہے۔ اس کیلئے ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم سے مستقل کام ہورہا ہے۔ آخر میں شہید مولانا عادل خان کی مغفرت کیلئے دعا کی گئی۔ وفد میں مولانا محمود الحسینی، پروفیسر عبدالحی، بلال بگٹی، مفتی عبدالرحمن مدنی، مولانا اسمعیل حسنی، محمود السلام قاسمی، قاری سعید احمد مہمند جبکہ جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر عبدالغفار عمر اور سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا اس موقع پر موجود تھے۔
 مولانا محمد خان شیرانی

مزید :

صفحہ اول -