کرکٹ کلب کی آڑ میں جعلی دستاویزات پر امریکا جانے کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتار کرلیاگیا

 کرکٹ کلب کی آڑ میں جعلی دستاویزات پر امریکا جانے کی کوشش کرنے والا ملزم ...
 کرکٹ کلب کی آڑ میں جعلی دستاویزات پر امریکا جانے کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتار کرلیاگیا
کیپشن: File Photo

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(آئی  این پی) ایف آئی اے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی نے ایک کارروائی میں کرکٹ کلب کی آڑ میں جعلی دستاویزات کی بنیاد پر امریکا جانے کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سے تعلق رکھنے والے ملزم کی شناخت شکیل رفیق کے نام سے ہوئی ہے، جسے کراچی میں واقع امریکی قونصل خانے کے باہر سے گرفتار کیا گیا ہے، ملزم کے خلاف کارروائی امریکی قونصل خانے کی درخواست پر عمل میں لائی گئی ہے۔ملزم نے سجاد نامی ایجنٹ سے جعلی دستاویزات حاصل کی تھیں، جو کہ ملزم کا دوست بھی ہے، ملزم نے سجاد سے 32 ہزار اماراتی درہم کے عوض معاملات طے کیے تھے، ملزم نے ابتدائی طور پر 4 لاکھ 50 ہزار پاکستانی روپے ادا کیے جب کہ بقایا رقم ویزا لگنے پر ادا کرنا تھی۔

ملزم نے امریکی قونصلیٹ میں خود کو کرکٹ کلب کے ساتھ وابستہ ظاہر کیا، اور کرکٹ کلب سے وابستگی کے حوالے سے جعلی دستاویزات بھی پیش کیں، تاہم ملزم کرکٹ کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات نہیں رکھتا تھا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم امریکی قونصلیٹ کے عملے کی جانب سے دستاویزات کے حوالے سے تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہا تھا، ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، جب کہ ایجنٹ سجاد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔