جس جماعت نے فہرست نہیں دی وہ مخصوص نشستوں کی اہل نہیں:( ن) لیگ کی الیکشن کمیشن کو درخواست
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )مخصوص نشستوں کے معاملے پر پاکستان مسلم لیگ (ن )نے الیکشن کمیشن سے رجوع کرلیا ۔
نجی ٹی وی" جیو نیوز" کے مطابق مسلم لیگ( ن) کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن قرار دے کہ جس سیاسی جماعت نے مخصوص نشستوں کی فہرست نہیں دی، وہ مخصوص نشستوں کی اہل نہیں۔
(ن )لیگ نے مؤقف اپنایا کہ پارلیمنٹ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کر چکی ہے، ترمیم کا اطلاق ماضی سے مؤثر ہے، پارٹی وابستگی کا سرٹیفکیٹ جمع نہ کروانے والے ارکان کو آزاد ارکان قرار دیا جائے۔
دوسری جانب مخصوص نشستوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے اجلاس بلا کر سپریم کورٹ کے آرڈر اور پارلیمنٹ کی قانون سازی کا جائزہ لیا گیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت مخصوص نشستوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے اجلاس میں ممبر الیکشن کمیشن، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور ممبر لا ونگ شریک ہوئے۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن کو آئینی اور قانونی ماہرین کی جانب سے مخصوص نشستوں کے معاملے پر بریفنگ دی گئی۔
خیال رہے کہ مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کیلئے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے بھی الیکشن ایکٹ کے تحت چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا ہے کہ پارلیمنٹ کی خود مختاری قائم رکھتے ہوئے مخصوص نشستیں الاٹ کی جائیں، جس رکن پارلیمنٹ نے کاغذاتِ نامزدگی کے ساتھ پارٹی سرٹیفکیٹ نہیں دیا وہ آزاد تصور ہوگا ، وہ آزاد ارکان جو ایک سیاسی جماعت کا حصہ بن گئے انہیں پارٹی تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔