وزیراعظم شہباز شریف کی نواز شریف سے ملاقات، مجوزہ آئینی ترمیمی پیکیج پر مشاورت
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم شہبازشریف نے مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف سے ملاقات کی جس کے دوران ملکی صورتحال اور مجوزہ آئینی ترمیمی پیکیج پر مشاورت کی گئی۔
نجی اخبارڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پارٹی ذرائع نے بتایا کہ جاتی امرا رائیونڈ لاہور میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔
پارٹی ذرائع نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے بڑے بھائی اور سابق وزیر اعظم کو ملکی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، ملاقات کے دوران حکومت کی جانب سے مجوزہ آئینی ترمیمی پیکیج پر بھی مشاورت کی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ شہباز شریف نے اس حوالے سے اتحادی جماعتوں سے اب تک ہونے والی مشاورت پر بھی نواز شریف کو بریفنگ دی۔
رپورٹ کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم کے دورہ امریکا کے ایجنڈے پر بھی تفصیلی غور و خوض کیا گیا، صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے سیاسی صورتحال پر وزیر اعظم کو اہم مشورے دیے۔