معمر تھائی خاتون کو اژدہا نے یرغمال بنالیا،2گھنٹےبعد جان چھوٹی
بنکاک (ڈیلی پاکستان آن لائن)تھائی لینڈ کی ایک معمر خاتون کو کچن میں ایک بڑے اژدہا نے بُری طرح جکڑ لیا۔ یہ اژدہا خاتون کو سالم ڈکار جانا چاہتا تھا۔ 64 سالہ خاتون دو گھنٹے تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہیں۔
ریسکیو ٹیم نے اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے خاتون کی جان بچائی۔ 14 فٹ لمبا اژدہا انتہائی طاقتور تھا اور معمر خاتون کی کمزوری سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اُنہیں ڈکار جانے کی کوشش کرتا رہا۔
دارالحکومت بنکاک کے نواح میں واقع مکان میں خاتون نے کسی نہ کسی طور بھرپور مزاحمت جاری رکھی اور اِس دوران اُنہیں سانس لینے میں بھی شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
اژدہا خاتون کے نچلے دھڑ سے لپٹا اور اپنی گرفت مضبوط کرتے ہوئے خاتون کو گرادیا۔ خاتون مدد کے لیے بہت دیر تک چلاتی رہیں۔ پڑوس میں کوئی نہیں تھا۔ پھر ایک شخص نے مکان کے سامنے سے گزرتے ہوئے اُن کی چیخیں سنیں تو ریسکیو ٹیم کو اطلاع دی۔