نجکاری کرکے واپڈا کو منافع بخش بنائیں گے :عابد شیر علی
سکھر ( مانیٹرنگ ڈیسک)پانی و بجلی کے وزیرمملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ واپڈا کی نجکاری کر کے اسے منافع بخش ادارہ بنایا جائے گا۔ بجلی چوروں کیخلاف کسی تعصب کے بغیر کارروائی کی گئی ہے جس کے نتیجے میں مارچ میں پینتیس ارب روپے کی بجلی چوری روکی ہے جبکہ بجلی کی چوری روکنے کیلئے ارکان پارلیمنٹ کو مراسلے لکھے ہیں جن کا اراکانِ اسمبلی نے مثبت جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنڈا لگانے اور چوری کرنے والوں کو بجلی نہیں دیں گے ، اسی سے نوے فیصد نقصان دینے والے فیڈر بند کردیں گے ۔انہوں نے واضح کیا کہ کراچی کو معاہدے کے مطابق بجلی فراہم کی جارہی ہے لیکن اضافی بجلی نہیں دی جائے گی ۔ کے ای ایس سی اپنے پلانٹ خود بھی لگائے ۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں صرف بائیس سو میگاواٹ بجلی کی کمی ہے.