ایم کیو ایم سندھ حکومت میں شامل، وزراءجلد حلف اٹھائیں گے
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلز پارٹی میں معاملات طے پا گئے ہیں جس کے بعد ایم کیو ایم جلد ہی سندھ حکومت کا حصہ بن جائے گی جس کی تصدیق کرتے ہوئے صوبائی وزیرشرجیل میمن نے بتایاکہ پیپلزپارٹی اورایم کیوایم میں کافی حدتک مفاہمت ہوچکی ہے۔ ڈان نیوز کے مطابق سندھ میں حکمران جماعت پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان جاری اختلافات ختم ہو گئے ہیں اور ایم کیو ایم نے سندھ حکومت میں شامل ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایم کیو ایم کے 4 وزراءاور 2 مشیر جلد ہی گورنر ہاﺅس میں تقریب حلف برادری کے دوران اپنی وزارتوں کا حلف اٹھائیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حلف برداری کی تقریب میں سندھ کے وزیراعلیٰ قائم علی شاہ اور ایم کیو ایم کے دیگر افراد بھی شرکت کریں گے۔ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے شرجیل میمن نے بتایاکہ دونوں جماعتوں میں کافی حدتک مفاہمت ہوچکی ہے ، چنددنوں کے اندر ایم کیوایم کی سندھ حکومت میں شمولیت کی صورتحال واضح ہوجائے گی ۔اُن کاکہناتھاکہ کراچی میں امن وامان کی صورتحال شہرمیں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کی وجہ سے بہتر ہوئی ہے۔