بیت اللہ اور مسجد نبویﷺ میں نمازِ تراویح ادا کی جائے گی یا نہیں؟ امامِ کعبہ الشیخ عبدالرحمن السدیس نے واضح اعلان کر دیا

ریاض (وقار نسیم وامق)مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر الشیخ عبدالرحمن السدیس نےاعلان کیا ہے کہ بیت اللہ اور مسجدِ نبویﷺ میں تراویح کی نماز ادا کی جائے گی تاہم نمازیوں کے حوالے سے پابندی برقرار رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ اور امام کعبہ الشیخ ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی دونوں مساجد میں نماز تراویح دس رکعت کی ہوگی، نمازِ تراویح میں مساجد کی انتظامیہ اور خادمین شریک ہونگے۔انہوں نے مزید کہا کہ مسجدِ نبویﷺ اور مسجدِ الحرام میں نمازیوں کی پابندی برقرار رہے گی. امام کعبہ شیخ عبدالرحمن السدیس کے مطابق دونوں مقدس مقامات پر افطار دستر خوان پر پابندی عائد رہے گی، پورا رمضان مستحق افراد اور گھرانوں میں رمضان راشن تقسیم کیا جاے گا.واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وجہ سے جہاں مملکت بھر میں کرفیو اور لاک ڈاؤن کرکے کورونا وائرس سے لوگوں کو بچایا جا رہا ہے وہیں پر مسلمانوں کے دونوں مقدس مقامات مسجد نبویﷺ اور مسجد الحرام میں بھی عمرہ کی ادائیگی اور نمازیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے.