لاہور ہائیکورٹ کا ریلوے کو ریٹائرڈ ملازمین کیلئے گریجویٹی اور اکاموڈیشن کی رقم جاری کرنے کا حکم

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان ریلوے کو ریٹائرڈ ملازمین کے لئے گریجویٹی اور اکاموڈیشن کی رقم جاری کرنے کا حکم دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ ریلوے کے ریٹائرڈ ملازم کی گریجویٹی اور کاموڈیشن کی رقم جاری کرنے کیلئے درخواست پر سماعت ہوئی ،جسٹس خالد اسحاق نے ریلوے ورکشاپ کے ریٹائرڈ مستری کی درخواست پر سماعت کی،وکیل درخواست گزار نے کہاکہ ریٹائرمنٹ کے باوجود گریجویٹی اور اکاموڈیشن کی رقم کی ادائیگی نہیں کی جارہی ،درخواستگزار نے استدعا کی کہ سولہ لاکھ پچاسی ہزار رقم بقایا ہے، ادائیگی کا حکم دیا جائے۔
وکیل ریلوے نے کہاکہ 283 ریٹائرڈ ملازمین کو فنڈز دینے ہیں ،ریلوے کے پاس فنڈز کی کمی ہے ، جس کی وجہ سے تاخیر ہورہی ہے، درخواست گزار کا سنیارٹی لسٹ میں 282 واں نمبر ہے، سب ریٹائرڈ ملازمین کو مرحلہ وار ادائیگی کردیں گے۔
جسٹس خالد اسحاق نے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین کو بقایا جات دینا ان کا حق ہے، کسی حکومت کا ان پر احسان نہیں ، زندگی کی جوانی ملازمت میں گزارنے والوں کو بڑھاپے میں ان کی پنشن ، بقایا جات دینا ان کا حق ہے۔