وزیر اعظم کی تقریر کا پاکستان کی تاجر برادری خیر مقدم کرتی ہے ، اجمل بلوچ

وزیر اعظم کی تقریر کا پاکستان کی تاجر برادری خیر مقدم کرتی ہے ، اجمل بلوچ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد ( آئی این پی ) مرکزی انجمن تاجروں پاکستان اور ٹریڈرز ایکشن اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ ، سیکرٹری خالد محمود چوہدری، راج عباسی ، ملک رب نواز، عرفان چوہدری، کامران کاکا خیل ، قیصر شاہ ، طاہر عباسی ، محمد حسین، الطاف حسین شاہ، راجہ خرم نواز اور اسماعیل خان نے اپنے مشترکہ بیان میں گذشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کے قوم سے خطاب کا خیر مقدم کیا ہے اور ان کی طرف سے دئیے گئے ویژن بھی قابل تحسین ہے۔ جبکہ غیر ملکی قرضوں کی واپسی اور کفایت شعاری پر ان کے خیالات کی تعریف کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک نازک دور سے گزر رہا ہے اور مشکلات کا سامنا صرف قومی یکجہتی اور اتحاد سے ہی ممکن ہے ۔ایف بی آرکے بارے میں وزیر اعظم عمران خان کے خیالات بھی سو فی صدر درست ہیں تاجر برادری ٹیکس دینا چاہتی ہے لیکن ایف بی آر ایسی مشکلات کھڑی کر دیتا ہے جس سے ٹیکس نیٹ میں اضافہ نہیں رہتا۔ انہوں نے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کو وزارت سنبھالنے پر مبارک باد دی اور کہا کہ اسد عمر ایک منجھے ہوئے پارلیمنٹرین ہیں اور اقتصادی امور کے ماہر ہیں تاجر برادری ان سے مکمل تعاون کرے گی ۔تاجر راہنماؤں نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی تاجر برادری قانون کرایہ داری منصفانہ نہ ہونے کی وجہ سے سخت پریشان ہے اسلام آباد سے منتخب ایم این اے اسد عمر نے اپنی انتخابی مہم کے دوران یہ مسئلہ پہلے سو دن میں حل کرنے کا وعدہ کیا تھا امید ہے موجودہ حکومت قانون کرایہ داری کا مسئلہ حل کر ے گی ۔ انہوں نے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے اپیل کی کہ وہ پالیسی سازی میں تاجر نمائندوں کو بھی شامل کریں ۔