متحدہ عرب امارات میں قید 4 ہزار 700 پاکستانیوں کے پاسپورٹس بلاک
اسلام آباد( ڈیلی پاکستان آن لائن )حکومت پاکستان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں قید 4 ہزار 700 پاکستانیوں کے پاسپورٹس بلاک کردیے ۔ ڈان نیوز کے مطابق وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں 5 ہزار 292 پاکستانی مختلف جرائم کے الزامات میں قید ہیں. وفاقی حکومت نے جرائم میں ملوث پاکستانی شہریوں کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا فیصلہ کیا جس کے نتیجے میں یو اے ای میں منشیات کے جرائم میں ملوث 2 ہزار 470 پاکستانیوں کے پاسپورٹس بلاک کر دیے گئے فراڈ، دھوکا دہی اور جنسی ہراسانی میں ملوث 100 پاکستانیوں کے پاسپورٹس بھی بلاک کئے گئے ہیں جبکہ چوری کے جرائم میں یو اے ای میں قید 704 پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کئے گئے.
وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق قتل اور راہزنی میں ملوث 216 پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کئے جاچکے ہیں غیر قانونی طور پر یو اے ای میں رہائش پذیر 375 پاکستانیوں کے پاسپورٹ بھی بلاک کئے گئے ہیں. یو اے ای حکام کی جانب سے حکومت پاکستان کو جرائم کی تفصیلات فراہم کی گئی تھیں جس پر وفاقی وزارت داخلہ نے قانون کے مطابق کارروائی کی یاد رہے کہ 2 ماہ قبل اکتوبر کے مہینے میں حکومت پاکستان کی جانب سے سعودی جیلوں میں قید ہزاروں پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کئے گئے تھے