چین کی 80 فیصد آبادی کورونا سے متاثر، سرکاری سائنسدان کا تہلکہ خیز انکشاف
بیجنگ (ڈیلی پاکستان آن لائن) چین کے ایک ممتاز سرکاری سائنسدان کا کہنا ہے کہ ملک میں 80 فیصد لوگ کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں۔
خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق چائنہ سنٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کے چیف ایپیڈیمولوجسٹ وو زونیو نے کہا کہ نئے قمری سال کی تعطیلات کے دوران لوگوں کی بڑے پیمانے پر نقل و حرکت وبائی بیماری کو پھیلا سکتی ہے، جس سے کچھ علاقوں میں انفیکشن میں اضافہ ہو سکتا ہے، لیکن قریبی مدت میں دوسری کووڈ لہر کا امکان نہیں ہے۔ چینی نئے سال کی چھٹیوں کے موقع پر ملک میں بڑے پیمانے پر نقل و حرکت کی وجہ سے ایسے دیہی علاقوں میں وباء پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے جو اتنی بڑی وبا سے نمٹنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔
نیشنل ہیلتھ کمیشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ چین پہلے ہی بخار کے کلینکس، ایمرجنسی رومز اور نازک حالات میں کووِڈ کے مریضوں کی انتہائی حد کو عبور کر چکا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، چین کی جانب سے اپنی صفر کووڈ پالیسی کو اچانک ختم کرنے کے تقریباً ایک ماہ بعد 12 جنوری تک کووڈ کی وجہ سے 60 ہزار افراد ہسپتالوں میں انتقال کر گئے تھے۔ لیکن کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اعداد و شمار ممکنہ طور پر مکمل نمائندگی نہیں کرتے کیونکہ اس میں وہ لوگ شامل نہیں جو گھر وں میں مرتے ہیں۔