گھر میں قید امریکی لڑکی کو پولیس نے1 سال بعد بازیاب کرالیا
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ میں گھر والوں کی طرف سے کمرے میں بند کی گئی 18سالہ لڑکی کو ایک سال بعد پولیس نے بازیاب کرا لیا۔ "دی سن' کے مطابق اس لڑکی کو ہمسایوں کے اطلاع دینے پر پولیس نے بازیاب کرایا۔ گزشتہ روز لڑکی شدید پیاس لگنے پر کپڑے کی چادروں کی گرہیں لگا کر گھر کی دوسری منزل پر واقع اپنے بیڈروم سے نیچے اتری اور ہمسایوں سے آ کر پانی مانگا۔
پانی پینے کے بعد لڑکی نے ہمسایوں ہی کی سیڑھی اٹھائی اور اس کے ذریعے بیڈروم کی کھڑکی سے واپس اندر چلی گئی۔ یہ واقعہ امریکی ریاست نیواڈا کے شہر نارتھ لاس ویگس کا ہے۔ ہمسایوں کے اطلاع دینے پر پولیس نے چھاپہ مارا تو کیا دیکھا کہ کمرے میں ایک بیڈ اور ایک بالٹی موجود تھی ، جسے لڑکی ٹوائلٹ کے طور پر استعمال کر رہی تھی۔ یہ بالٹی پیشاب اور پاخانے سے آدھی بھری ہوئی تھی۔
پولیس نے لڑکی والدہ ایڈی گونزیلس اور دادی ماریا پیسرین سمیت 3افراد کے خلاف لڑکی کو 1 سال تک محبوس رکھنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تیسرے آدمی کی شناخت ڈینیئل اومیزکوا کے نام سے ہوئی ہے، تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ اس کا لڑکی سے کیا رشتہ ہے۔ لڑکی نے پولیس کو بتایا کہ اسے دن میں صرف 1 وقت کھانا اور پانی دیا جاتا تھا۔ گھر والوں کی طرف سے لڑکی کو محبوس رکھنے جانے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی۔