بھارتی ریاست اترپردیش میں ’حلال‘ ٹیگ والی اشیائے خورونوش پر پابندی

 بھارتی ریاست اترپردیش میں ’حلال‘ ٹیگ والی اشیائے خورونوش پر پابندی
 بھارتی ریاست اترپردیش میں ’حلال‘ ٹیگ والی اشیائے خورونوش پر پابندی
سورس: Twitter

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ریاست اترپردیش میں وزیراعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ کی حکومت نے ’حلال‘ ٹیگ والی اشیائے خورونوش پر پابندی عائد کر دی۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق اترپردیش میں فوڈ کمشنر کے دفتر کی طرف سے ایک حکم نامہ جاری ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ”حلال کے سرٹیفکیٹ کے ساتھ مصنوعات کی تیاری، ذخیرہ، تقسیم اور فروخت پر فوری پابندی عائد کر دی گئی ہے۔“
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کھانے کی مصنوعات کی حلال سرٹیفکیشن ایک متوازی نظام ہے جو کھانے کی اشیاءکے معیار کے حوالے سے الجھن پیدا کرتا ہے۔ حکم نامے کے مطابق کھانے کی اشیاءکے معیار کا فیصلہ کرنے کا حق قانون کے تحت متعلقہ حکام اور اداروں کے پاس ہے، جو ایکٹ کی دفعات کے تحت معیارات کی جانچ کرتے ہیں۔
اترپردیش حکومت نے اپنے اس اقدام کے دفاع میں کہا ہے کہ یہ اقدام ایک کمپنی اور چند دیگر تنظیموں کے خلاف مبینہ طور پر جعلی حلال سرٹیفکیٹ کے ذریعے اشیاءکی فروخت بڑھاکر لوگوں کے مذہبی جذبات کا استحصال کرنے کے الزام میں درج کیے گئے مقدمے کے بعد اٹھایا گیا۔
یہ مقدمہ حلال انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ چنئی، جمعیت علمائے ہند حلال ٹرسٹ دہلی، حلال کونسل آف انڈیا ممبئی، جمعیت علماءمہاراشٹر اور دیگر تنظیموں کے خلاف درج کیا گیا تھا، جس میں ان پر مختلف اشیاءکی فروخت بڑھانے کے لیے انہیں جعلی حلال سرٹیفکیٹ دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔