لوہار کالونی میں ٹرانسفارمر تبدیلی کے دوران شہد کا چھتہ‘ سانپ نکل آیا
ملتان (سٹاف رپورٹر )خراب ٹرانسفارمر اتارنے کے دوران سانپ نکل آیا ۔میپکو اہلکاروں کے چہرے کے رنگ اڑ گئے ۔معلوم ہوا ہے کہ لوہار کالونی نمبر 1کا 200کے وی کا ٹرانسفارمر خراب ہو گیا ۔ میپکو اہلکار موقع پر پہنچے تو ٹرانسفارمر کے ارد گرد چاردیواری بنی ہوئی تھی جبکہ ایک درخت لگا ہوا تھا جس میں ٹرانسفارمر چھپ گیا تھا ۔شہد کی مکھیوں کا چھتہ بھی لگا ہوا تھا۔ کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگے ہوئے تھے۔(بقیہ نمبر36صفحہ7پر )
میپکو کے ریجنل ایڈیشنل سیکرٹری ہائیڈرو یونین لائن سپرنٹنڈنٹ عاطف خان فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے دیوار گرا کر راستہ بنوایا‘ درخت کٹوایا اور گندگی کے ڈھیر اٹھوائے۔ شہد کی مکھیوں کا چھتہ بھی ختم کرایا ۔ جب اہلکار ٹرانسفارمر اتارنے لگے تو اچانک کھنڈر نما مقام سے سانپ نکل آیا جس کو دیکھ کر میپکو اہلکاروں کے چہرے کے رنگ اتر گئے ۔مگر انہوں نے ہمت کرکے سانپ کو مار دیا ۔ بعدا زاں عملے نے دوسرا ٹرانسفارمر رکھ کر بجلی بحال کر دی ۔ریجنل ایڈیشنل سیکرٹری ہائیڈر ویونین عاطف خان نے کہا ہے کہ میپکو کالائن سٹاف اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ڈیوٹی سر انجام دیتا ہے ۔ کرنٹ لگنے سے کئی لائن مین شہید ہو چکے ہیں ۔ خدانخواستہ سانپ اگر کسی اہلکار کو ڈس لیتا تو اس کی زندگی کو خطرہ لاحق ہو سکتا تھا ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ لائن سٹاف کو خاطر خواہ ڈینجر الاؤنس دیاجائے ۔