امن کپ کے ذریعے ثابت کریں گے کہ پاکستان پرامن ملک ہے، دہشتگردی کو دوبارہ پنپنے نہیں دیں گے: آصف غفور
میران شاہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) ڈی جی آئس ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ فاٹا میں زندگی معمول پر ہے اور امن کپ کے ذریعے ثابت کریں گے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے،فاٹا میں شہریوں کو تمام سہولیات میسر ہیں اور نقل مکانی کرنے والوں کی بحالی کا عمل تقریباً مکمل ہوگیاہے، دہشتگردی کو دوبارہ پنپنے نہیں دیں گے۔
نجی ٹی وی اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل آصف غفور نے کہا کہ ہمارا قومی کھیل ہاکی ہے لیکن پاکستانی کرکٹ کو جذبے سے دیکھتے ہیں اس لیے آرمی چیف کی خواہش تھی کہ فاٹا میں بھی میچ کرایا جائے ۔ بہت سے کام کرنے باقی ہیں، یہ تو ابتدا ہے فاٹا ریفارمز ہوں گے تو فاٹا پاکستان کے کسی بھی علاقے کے برابر ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ امن بہت ضروری ہے کیونکہ جتنی جلدی امن ہوگا ترقی بھی اتنی ہی تیز رفتار ہوگی ، فاٹا میں آئی ڈی پیز، انفراسٹرکچر کی بحالی اور دیگر کام حکومت کی مدد سے مکمل ہو چکے ہیں، اب اس چیز پر فوکس ہے کہ یہاں کے رہائشیوں کو تمام سہولیات یہیں پر میسر ہوں۔