پولیس مقابلے میں ہلاک مبینہ توہین مذہب کے ملزم کی لاش چھین کر آگ لگا دی گئی
عمرکوٹ (ویب ڈیسک) سندھ کے شہرعمرکوٹ میں مشتعل افراد نے پولیس کے مبینہ مقابلے میں ہلاک مبینہ توہین مذہب کے ملزم کی لاش لواحقین سے چھین کر آگ لگادی۔
آج نیوز ڈیجیٹل نے میڈیا رپورٹس کے حوالے سے بتایا کہ ڈاکٹر شاہنواز کنبہار کے خلاف 17 ستمبر کو توہین مذہب کا مقدمہ درج ہوا تھا اور 18 اور 19 ستمبر کی درمیانی رات ان کی ایک مبینہ پولیس مقابلے میں ان کی ہلاکت کی خبر سامنے آئی تھی۔
ڈاکٹر شاہنواز کے ایک قریبی رشتہ دار نے بتایا کہ صبح چار بجے شاہنواز کے والد ایمبولینس میں لاش لے کر پہنچے تو مشتعل لوگوں نے ایمبولینس کو گاؤں میں آنے سے روک دیا جس کے بعد ایک کار میں لاش کو ڈال کر عمر کوٹ سے 40 کلومیٹر کے فاصلے پر ایک چھوٹے قصبے میں لے گئے تاکہ تدفین کی جا سکے لیکن ادھر بھی لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی جس کے بعد صحرائی علاقے میں اپنی زمین پر لاش لے کر پہنچے اور تدفین کی کوشش کی۔
انہوں نے بتایا کہ اس دوران مشتعل لوگ آگئے اور لوگوں نےلاش چھین کر اس کو آگ لگا دی جس سے وہ 50 فیصد جھلس گئی۔ڈاکٹر شاہنواز کے رشتہ دار کے مطابق پولیس مشتعل ہجوم کی جانب سے لاش کو آگ لگانے کے بعد بہت دیر سے آئی اور پولیس کے آنے کے بعد ہی ان کے خاندان کے لوگ جمع ہوئے اور تدفین کی گئی۔
میرپورخاص میں سندھڑی پولیس کے ہاتھوں مبینہ مقابلے میں ڈاکٹر شاہ نواز کنبھار کی ہلاکت کی تحقیقات کیلئے چار رکنی ٹیم تشکیل دے دی گئی.پولیس کے اعلیٰ حکام نے تحقیقاتی ٹیم کو سات دن میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں مزید اقدامات کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
ڈاکٹر شاہنواز کے ہلاکت کا معاملہ بھی ابھی واضح نہیں۔ ایس ایس پی میرپور خاص اسد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ ڈاکٹر شاہنواز سندھڑی کے مقام پر فائرنگ کے تبادلے کے دوران مارا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شاہنواز کنبہار نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی تاہم اس دوران وہ اپنے ساتھی کی گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا۔
دوسری جانب شاہنواز کے قریبی رشتے دار نے پولیس کے مؤقف کی تردید کی اور بتایا کہ شاہنواز کے والد پولیس کی حراست میں تھے اور ان کی رہائی بیٹے کی گرفتاری سے مشروط تھی ، اس لیے ’خاندان والوں نے خود رضاکارانہ طور پر ڈاکٹر شاہنواز کو کراچی میں پولیس کے حوالے کیا اور کہا کہ سکیورٹی اب پولیس کی ذمہ داری ہے لیکن اس کے باوجود شاہنواز کو جعلی مقابلے میں ہلاک کیا گیا۔