جمعیت علماء اسلام (س) کے امیر مولانا عبد الحق ثانی کی وفد کے ہمراہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن سے منصورہ میں تفصیلی ملاقات

جمعیت علماء اسلام (س) کے امیر مولانا عبد الحق ثانی کی وفد کے ہمراہ امیر جماعت ...
جمعیت علماء اسلام (س) کے امیر مولانا عبد الحق ثانی کی وفد کے ہمراہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن سے منصورہ میں تفصیلی ملاقات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )جمعیت علماء اسلام (س) کے امیر مولانا عبد الحق ثانی نے اپنے وفد کے ہمراہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن سے منصورہ لاہور میں تفصیلی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال بالخصوص غزہ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔

 امیر جماعت اسلامی جناب حافظ نعیم الرحمٰن نے وفد کو خوش آمدید کہا اور شہید مولانا سمیع الحق اور شہید مولانا حامد الحق کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام (س) کے ساتھ جماعت اسلامی کا تعاون اور تعلق ماضی کی طرح جاری رہے گا اور مشترکات کیلئے تمام دینی جماعتوں کیساتھ اکٹھے چلنے کے لیے تیار ہیں کیونکہ ان طاغوتی قوتوں کا مقابلہ اکیلے کسی جماعت کے لیے ممکن نہیں ہم چاہتے ہیں کہ پورے ملک میں ایکسپو سینٹر قائم کریں اپنے ملک کے سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری پر آمادہ کریں اور اسرائیلی مصنوعات کے متبادل مصنوعات کوعام کیا جائے۔

مولانا عبد الحق ثانی نے یکم مئی کو اسلام آباد میں ہونے والی بیاد مولانا حامد الحق شہید تعزیتی ریفرنس و یکجہتی فلسطین کانفرنس میں شرکت کا دعوت نامہ پیش کیا جس پر انہوں نے خوشی کا اظہار کرکے دعوت نامہ قبول کیا اور مولانا حامد الحق شہید کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے بھرپور آواز اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔

 وفد نے امیر جماعت اسلامی کے ساتھ جماعت اسلامی کے بانی رکن بہت بڑے ادیب و سکالر پروفیسر خورشید احمد کی وفات پر ان سے تعزیت کی اور انکی مولانا سمیع الحق شہید کیساتھ پارلیمان میں شریعت بل کے لیے مشترکہ جدو جہد پر انکو خراج تحسین پیش کیا۔

 وفد میں جمعیت کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا سید محمد یوسف شاہ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا خزیمہ سمیع ، مولانا اسامہ سمیع، مولانا اعظم حسین ، قاری رحمت اللہ لاشاری شامل تھے۔