مخالفین نے الزامات اوت گالیوں کی سیاست انکے پاس اور کچھ نہیں :پرویز ملک

مخالفین نے الزامات اوت گالیوں کی سیاست انکے پاس اور کچھ نہیں :پرویز ملک

  

لاہور(نمائندہ پاکستان)مسلم لیگ(ن)لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک اور جنرل سیکرٹری و پرائمری ہیلتھ کیئر کے وزیرخواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کوئیء معمولی بات نہیں،مخالفین نے ہمیشہ الزامات اور گالیوں کی سیاست کی، نیا پاکستان بنانے والوں کے پاس کچھ نہیں اور تین دن پہلے ان کی اوقات دیکھ لیں لاہوریوں نے مخالفین کو ان کا اصل چہرہ دکھادیا اب انہیں سیاست چھوڑ کر کوئی اور کام کر لینا چاہیے، سیاست ان کے بس کی بات نہیں، 2018 میں مسلم لیگ ن ہی جیتے گی ، ملک کے کونے کونے میں مسلم لیگ ن ہی نظر آئے گی ،مخالفین نے چار سال میں سوا گالی گلوچ بہتان تراشی اور دھرنوں کے کوئی کام نہیں کیا،جبکہ مسلم لیگ (ن) نے اقدار اور عوامی خدمت کی سیاست کی ہے، پارلیمنٹ پر لعنت ملامت کرنے والے لیڈر کاطرز عمل جمہوری روایات کے منافی ہے اوران عناصر نے پارلیمنٹ کے آئینی ادارے کی توہین کی ہے۔یہ وہ عناصر ہیں جنہوں نے دھرنے دے کرملک و قوم کے مسائل میں ا ضافہ کیا، مسلم لیگ ن پہلے سے زیادہ مضبوط اور متحد ہے، مخالفین نے محمد نواز شریف کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کے علاوہ کوئی کام ذمہ داری سے نہیں کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور دفتر میں عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرمیاں مرغوب احمد، چوہدری شہباز ایم پی اے ،سید توصیف شاہ،ڈاکٹر اسد اشرف،رانا احسن شرافت،عامر خان، چوہدری عبدالمجید چن نمبردار،چوہدری جاوید اقبال ،ڈسٹرکٹ ممبر سمیرا امجد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جتنا چاہے واویلا کریں الیکشن2018ء میں ہی ہوں گے،اپنی نا اہلی کو چھپانے کے لئے دوسروں پر الزام تراشی کررہے ہیں،انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار برس کے دوران حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا دیا ہے اور مکمل ہونے والے بڑے منصوبوں اور فلاحی پروگراموں سے عوام کی بڑی تعداد مستفید ہورہی ہے۔ سی پیک 21 کروڑ پاکستانیوں کی خوشحالی کا عظیم الشان منصوبہ ہے اور چین کی اس تاریخی سرمایہ کاری کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں، سی پیک پاکستان کیلئے ایک گیم چینجر بن چکاہے اور اس منصوبے سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورا خطہ مستفید ہو گا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -