ڈیرہ، نشئی شوہر نے نشے کیلئے پیسے نہ دینے پر بیوی کو گولی ماردی
ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ) نشئی شوہر نے نشہ کی لت کیلئے پیسے نہ دینے پر بیوی کو گولی ماردی، زخمی خاتون کی رپورٹ پر شوہر کیخلاف مقدمہ درج۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ کینٹ کی حدود بستی گھائیانوالی میں سعید ولد غلام حسین نامی شخص نے گھر میں معمولی تکرار کے بعد اپنی بیوی روبینہ بی بی کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ زخمی خاتون کے مطابق اس کا شوہر نشے کا عادی ہے اور اپنی نشے کی لت کیلئے گاہے بگاہے اس سے پیسے مانگتا رہتا ہے۔ وقوعہ کے روز پیسے دینے سے انکار پر اس نے طیش میں آکر فائرنگ کرکے اسے زخمی کردیا۔ کینٹ پولیس نے زخمی خاتون کی رپورٹ پر اس کے ملزم شوہر کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔