چین میں کورونا سے 13 ہزار ہلاکتیں
بیجنگ (ڈیلی پاکستان آن لائن) چین میں 13 اور 19 جنوری کے درمیان ہسپتالوں میں کووڈ سے تقریباً 13 ہزار اموات ہوئی ہیں۔ چین نے ایک ہفتہ قبل کہا تھا کہ 12 جنوری تک ہسپتالوں میں کووِڈ سے تقریباً 60 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں، لیکن بیجنگ کی جانب سے گزشتہ ماہ اچانک اینٹی وائرس کنٹرول ختم کرنے کے بعد سے سرکاری اعداد و شمار پر بڑے پیمانے پر شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق چین کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا کہ ہسپتال میں داخل 681 مریض کورونا وائرس کے انفیکشن کی وجہ سے سانس لینے میں ناکامی سے ہلاک ہوئے، اور 11,977 دیگر بیماریوں سے اس عرصے کے دوران ہلاک ہوئے۔ اعداد و شمار میں وہ لوگ شامل نہیں ہیں جو گھر وں میں وائرس سے مرے ہیں۔