سیف علی خان کو ہسپتال پہنچانے والے رکشہ ڈرائیور کو انعام مل گیا
ممبئی (آئی این پی) بالی ووڈ سٹار سیف علی خان کے زخمی ہونے کے بعد انھیں ہسپتال پہنچانے والے رکشہ ڈرائیور کو انعام مل گیا۔
16 جنوری کی شب سیف علی خان کو حملہ آور نے چاقو کے وار سے شدید زخمی کردیا تھا جنھیں ایمرجنسی میں رکشہ کے ذریعے ہسپتال لایا گیا تھا۔بعد ازاں اس رکشہ ڈرائیور کا بیان بھی منظرعام پر آیا تھا کہ وہ باندرہ کے علاقے میں رکشہ چلا رہا تھا جب ایک خاتون نے مدد کیلئے اسے آواز دی اسے معلوم نہیں تھا کہ زخمی شخص سیف علی خان ہیں۔
واقعے کے بعد ہسپتال بروقت پہنچانے پر رکشہ ڈرائیور بھجن سنگھ رانا کی خوب تعریفیں ہورہی ہیں اور مشکل وقت میں سیف کی مدد کرنے پر ایک سوشل ورکر فیضان انصاری نے ڈرائیور کو نقد رقم بھی انعام میں دی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھجن سنگھ رانا کی اس خدمت کے لیے انہیں فیضان انصاری نے نقد انعام سے نوازا ہے۔ انعام ملنے پر بھجن سنگھ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بہت فخر محسوس ہورہا ہے کیونکہ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ میری زندگی میں ایسا کچھ ہوگا۔ اس پہچان نے مجھے بے حد خوشی دی ہے۔