جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشن انتہائی محدود، کراچی ایک ناکام شہرقرار، شہرقائد کا مسئلہ حکومت کیلئے”امتحان “ہے: امریکی جریدہ
واشنگٹن ،کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی جریدے نے کراچی میں جاری آپریشن کوپر تشدد واقعات اور جرائم پیشہ تمام گروہوں سے نمٹنے کے لئے انتہائی محدود قراردیتے ہوئے کہاہے کہ شہرقائد ایک ناکام شہر ہے،اس کی لاقانونیت اور تشدد پاکستان کوایک ناکام ریاست ظاہر کرتی ہے اوراگر موجودہ حکومت کراچی میں مستقل سیکورٹی حل تخلیق نہیں کر سکتی تو کوئی امید نہیں کہ وہ ملکی سطح پربھی ایسے مسائل حل کرنے کے قابل ہو۔ امریکی جرید ے”فارن پالیسی“ نے”کراچی کے لئے جنگ “کے نام سے اپنی رپورٹ میں لکھاکہ فوج کی بجائے رینجرز کااستعمال سویلین حکومت کے لئے ملٹری اسٹیبلشمنٹ کا خوف ظاہر کرتا ہے،حکمران جماعت پیپلز پارٹی نے 2011ءکے کراچی آپریشن میں فوج کے ا ستعمال کی مخالفت اس خوف سے کی تھی کیونکہ خدشہ تھا کہ اس طرح ان کی حکومت عدم استحکام کا شکار ہوجائے گی۔نواز شریف بھی شاید انہیں خدشات کا شکار ہیں یا وہ اختیارات اپنے ہاتھ میں رکھنا چاہتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق رینجرز کے آپریشن سے نواز شریف کے اطمینان کے باوجود کسی کو یہ توقع نہیں رکھنی چاہیے کہ موجودہ آپریشن کی ایک سیریز شہر کی پر تشدد فضا کو ختم کر سکتی ہے،کراچی میں عسکریت پسندوں کے کئی دھڑوں کی موجودگی میں زیادہ امکان نہیں کہ موجودہ آپریشن کراچی میں طویل المدتی حقیقی تبدیلیاں لائے گا۔موجودہ نظام میں ذاتی مفادات رکھنے والے اکثر جرائم پیشہ گروہ جن میں سیاسی جماعتیں، اور دہشت گرد تنظیمیں بھی شامل ہیں کا ایک دفعہ کے آپریشن سے صفایا ممکن نہیں۔اخبارلکھتاہے کہ کراچی میں تشدد ختم کرنے کیلئے کچھ مجرموں کو ٹارگٹ کرنے کی سابقہ کوششیں ناکام ہو گئیں لیکن موجودہ آپریشن میں سیاسی جماعتوں کے ارکان کی گرفتاری بھی شامل ہے ، شہر میں رینجرز کا بھیجنا اس تشدد کی روک تھام کے لئے ایک بہتر اقدام تصور ضرورکیا جاتا ہے لیکن مستقل سیکورٹی اور ادارہ جاتی حل کے بغیرامن وامان کا قیام ممکن نہیں اوریہ خدشات اپنی جگہ موجود ہیں کہ ایسے آپریشن کی تکمیل کے فوری بعد تشدد اور بھتہ خوری کراچی میں دوبارہ شروع ہو جائے گی۔کراچی سمیت ملک بھر میں طویل مدتی اور پائیدار سیکورٹی اور سیاسی کوششوں کی ضرورت ہے جو تمام مجرم گروہوں جن میں بد عنوان اور مجرم سیاسی جماعتیں بھی شامل ہوں انہیں ٹارگٹ کیا جائے۔بدقسمتی سے، اس وقت موجودہ حکومت کے پاس نہ ہی وسائل اور نہ ہی اس طرح کی کوئی منصوبہ بندی ہے۔جریدہ لکھتا ہے کہ کراچی میں موجودہ سیکورٹی کی صورت حال کئی طریقوں سے پاکستان مجموعی طور پر مسائل میں سے ایک ہے، تیزی سے بڑھتی آبادی،گتھم گتھا نسلی گروپ ، فرقہ وارانہ تشدد، دہشت گرد گروہوں کی یقینی موجودگی، سیاسی جماعتوں سے وابستہ عسکریت پسند، انفرااسٹرکچر کی شدید کمی اور منظم بدعنوانی جیسے مسائل سمیت کراچی بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔