سندھ میں فوتی کوٹہ ختم
سپریم کورٹ کے حکم پر سندھ کابینہ نے 4 دسمبر 2024ء کو فوتی کوٹہ ختم کرنے کی منظوری دی تھی اور اب اِس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ نے 18 اکتوبر 2024ء کو اپنے فیصلے میں سرکاری ملازمین کے بچوں سے متعلق کوٹہ پالیسی اور پیکیجز کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔ عدالت نے فیصلے میں حکم دیا تھا کہ وفاق سمیت صوبائی حکومتیں اشتہار یا اوپن میرٹ کے بغیر سرکاری ملازمین کے بچوں کو ملازمتیں دینے کی پالیسی ختم کریں۔ عدالت عظمیٰ نے کوٹے سے متعلق پرائم منسٹر پیکیج فار ایمپلائمنٹ پالیسی اور اِس کے آفس میمورینڈم سمیت سندھ سول سرونٹس رولز 1974ء کے سیکشن 11۔اے کو کالعدم قرار دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے اشتہار یا اوپن میرٹ کے بغیر بیوہ یا بچے کا سرکاری ملازمت میں کوٹہ آئین سے متصادم قراردیا تھا لیکن یہ بھی کہا تھا کہ اِس فیصلے کا اطلاق دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے افراد کے قانونی ورثاء اور پہلے سے سرکاری ملازمین کے بچوں کو ملنے والے کوٹے پر نہیں ہوگا۔ میرٹ پالیسی نافذ کرنے کے حوالے سے یہ اچھا اقدام ہے تاہم صوبائی حکومت کو چاہئے کہ وہ بنا وقت ضائع کیے بھرتی پالیسی کا اعلان بھی کرے تاکہ حقداروں کو اُن کا حق مل سکے۔
٭٭٭٭٭