امریکہ کی 6 ماہ سے "غائب " خاتون رکنِ کانگریس ایسی جگہ سے مل گئی کہ ہنگامہ برپا ہوگیا
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی ریاست ٹیکساس کی ایک طویل عرصے سے ریپبلکن کانگریس ویمن " کائی گرینجر" جو گزشتہ چھ ماہ سے کانگریس کی اہم ووٹنگ میں شرکت سے غائب تھیں، ایک ریٹائرمنٹ کمیونٹی میں پائی گئیں، جہاں وہ ممکنہ طور پر ڈیمنشیا کی علامات ظاہر کر رہی تھیں۔ ان کی اس غیر متوقع غیر حاضری نے سیاسی رہنماؤں پر مدت اور عمر کی حد عائد کرنے کے مطالبات کو جنم دیا ہے۔
مشہور ارب پتی ایلون مسک نے سوشل میڈیا پر ردعمل دیتے ہوئے کہا "شاید ہمیں منتخب رہنماؤں کے لیے کچھ بنیادی ذہنی آزمائشیں متعارف کرانی چاہئیں؟ یہ صورتحال پاگل پن کی حد تک پہنچ رہی ہے۔"
رپورٹس کے مطابق 81 سالہ کائی گرینجر کی آخری ووٹنگ 24 جولائی کو ہوئی تھی، اور اس کے بعد سے وہ واشنگٹن سے غائب تھیں۔ ڈیلس ایکسپریس کے مطابق انہیں ڈیمنشیا کی دیکھ بھال کے یونٹ میں رہتے ہوئے پایا گیا، جہاں انہیں اس وقت منتقل کیا گیا جب وہ اپنے محلے میں گھومتی ہوئی پائی گئیں۔
ڈیلس ایکسپریس نے ایک تفتیشی رپورٹ کے ذریعے ان کی غیر حاضری کی وجوہات کا انکشاف کیا، کیونکہ ان کے دفتر کو کی جانے والی کالز براہِ راست وائس میل پر جا رہی تھیں، اور ان کے حلقہ انتخاب کے دفتر میں کسی سرگرمی کے آثار نہیں تھے۔
کانگریس ویمن کائی گرینجر کے ترجمان کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا "میں گزشتہ دنوں ملنے والی دعاؤں اور نیک خواہشات کے لیے بے حد مشکور ہوں۔ میرے خاندان، دوستوں، اور ساتھیوں کو علم تھا کہ میں گزشتہ سال سے کچھ غیر متوقع صحت کے مسائل سے دوچار ہوں، اور ان مسائل نے حالیہ مہینوں میں مزید شدت اختیار کر لی ہے، جس کی وجہ سے واشنگٹن کا بار بار سفر کرنا مشکل ہو گیا ہے۔"
واضح رہے کہ اجلاسوں میں عدم شرکت کے باوجود وہ ایک لاکھ 74 ہزار ڈالر کی تنخواہ پر کانگریس میں خدمات انجام دے رہی ہیں، اور ان کے عملے کو گزشتہ سال ایک ملین ڈالر سے زائد کی ادائیگی کی گئی ہے۔
اس واقعے نے سیاسی رہنماؤں کی عمر اور صحت کے حوالے سے بحث کو دوبارہ جنم دیا ہے۔ کئی حلقے مطالبہ کر رہے ہیں کہ کانگریس کے اراکین کے لیے مدت کی حد مقرر کی جائے اور معین عمر سے زائد ہونے کی صورت میں ذہنی صحت کی جانچ لازم قرار دی جائے۔