لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں دھماکہ،3افراد جاں بحق،24 افراد زخمی،5 کی حالت تشویشناک

لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں دھماکہ،3افراد جاں بحق،24 افراد زخمی،5 کی حالت ...
لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں دھماکہ،3افراد جاں بحق،24 افراد زخمی،5 کی حالت تشویشناک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) صوبائی دارالحکومت کے علاقے جوہرٹاؤ ن میں واقع بی او آر سوسائٹی کے قریب زور دار دھماکہ ہواہے جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 24 افراد زخمی ہو گئے  ہیں، دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں، زخمیوں کو لاہور کے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔بتایا گیاہے کہ ابتدائی طور پر زخمیوں کو پرائیویٹ گاڑیوں میں ہسپتال لے جایا گیا۔سی سی پی او لاہور نے زخمیوں اور جاں بحق افراد کی تعداد کی تصدیق کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جناح ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر یحییٰ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 16 ہو گئی ہے ، جن میں سے پانچ کی حالت تشویشناک ہے ، زخمی پولیس اہلکار کی حالت تشویشناک ہے ، اہلکار کیلئے خون کا انتظام کر دیا گیاہے ۔ہسپتال انتظامیہ کا کہناہے کہ اب تک 12 زخمی لائے گئے ہیں ، زخمیوں میں پولیس اہلکار ، خاتون اور دو بچے بھی شامل ہیں ۔

دھماکے کی جگہ پر گاڑیوں کے شو رومز موجود ہیں جس کے باعث شو رومز میں کھڑی متعدد گاڑیوں اور تین عمارتوں کو نقصان پہنچا ۔ دھماکے سے ایک رکشہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا جبکہ متعدد موٹر سائیکلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ۔ نجی ٹی وی ہم نیوز  کے مطابق ایک عینی شاہد نے دعویٰ کیا کہ ایک موٹر سائیکل سوار  نے دھماکے کے مقام کا دو  سے تین مرتبہ چکر لگایا ، پھر اپنی موٹر سائیکل کھڑی کی اور چلا گیا ۔ اس کے جانے کے کچھ دیر بعد دھماکہ ہو گیا۔

ایس پی انویسٹی گیشن منصور امان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بم ڈسپوزل سکواڈ سمیت فرانزک کی ٹیمیں اور دیگر سول ٹیمیں یہاں موجود ہیں جو شواہد اکٹھے کر رہی ہیں ، ہم ہر پہلو سے تحقیقات کر رہے ہیں ،تحقیقات کے بعد دھماکے کی نوعیت کا پتہ چلے گا، بارودی مواد کے شواہد ہیں تو دیکھا جائے گا،دھماکے سے گھر اور تین گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی جبکہ دھماکے کی تحقیقات کا بھی حکم دیا۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنرلاہور مدثر ریاض نے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذکرنے اور اسسٹنٹ کمشنر کو جائے وقوعہ پر پہنچنے کی ہدایت کردی ہے۔