کراچی میں یوم عاشورہ جلوسوں کے لیے سکیورٹی انتہائی سخت رہی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں یوم عاشورہ جلوسوں کے لیے سکیورٹی انتہائی سخت رہی ۔ 20 ہزار سے زائد پولیس ، رینجرز اور دیگر سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں نے حصہ لیا ۔ جلوس کی گزرگاہوں سمیت دیگر حساس علاقوں میں صبح 7 بجے سے رات 12 بجے تک موبائل فون سروس بند رہی ۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ہر تین گھنٹے پر گزرگاہوں کی سوئپنگ کی ۔ فضائی نگرانی سمیت 124 بلند عمارتوں پر 200 سے زائد ماہر شوٹر تعینات رہے جبکہ دفعہ 144 اور ڈبل سواری پر پابندی یقینی بنائی گئی ۔ حساس مقامات پر 9 سو خفیہ کیمروں کی مدد سے جلوس کی نگرانی کی گئی ۔ نمائش سے لے کر کھارادر تک 290 راستے ، گلیوں اور سڑکوں کو کنٹینرز اور قناتیں لگا کر سیل کیا گیا ۔ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں یوم عاشورہ محرم کے سلسلے میں نکالے گئے جلوس صبح نشتر پارک سے برآمد ہونے والا ماتمی جلوس اپنے مقررہ راستوں بشمول نمائش چورنگی ، سی بریز ، ایمپریس مارکیٹ ، ریگل چوک ، ریڈیو پاکستان ڈینسو ہال ، بولٹن مارکیٹ ، لائٹ ہاؤس موڑ سے خواجہ مسجد کھارادر سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہوا ۔ جلوس عزا میں علم ، تابوت ، ذوالجناح سمیت دیگر تبرکات بھی نکالے گئے ۔ اس دوران سکیورٹی انتہائی سخت رہی اور پولیس و رینجرز اور دیگر سکیورٹی اداروں کے 20 ہزرا سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا ۔