سی پیک محض منصوبہ نہیں، دو قوموں کیلیے امید، ترقی اور خوشحالی کی علامت ہے: مریم نواز

سی پیک محض منصوبہ نہیں، دو قوموں کیلیے امید، ترقی اور خوشحالی کی علامت ہے: ...
سی پیک محض منصوبہ نہیں، دو قوموں کیلیے امید، ترقی اور خوشحالی کی علامت ہے: مریم نواز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن )   وزیر اعلی پنجاب مریم نوازنے عوامی جمہوریہ چین کے 75 ویں قومی دن کی تقریب میں شرکت کی-وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے چینی قونصل جنرل ژاؤ شیریں سے ملاقات کی اورچین کے قومی دن پر مبارکباد دی-تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی  پنجاب نے کہاکہ پاک چین دوستی کا بانڈ محض اسٹریٹجک مفادات پر مبنی نہیں، یہ دل اور روح کارشتہ ہے- پاک چین تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور ایک دوسرے کی خوشحالی کے لیے غیر متزلزل عزم پر قائم ہیں۔  چین کے 75ویں قومی دن پر پاکستانی عوام کی طرف سے مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ پنجاب کے لوگ چینی بھائیوں اور بہنوں کو نیک خواہشات اور دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ عوامی جمہوریہ چین کے 75 ویں قومی دن کی تقریب میں شرکت باعث فخرہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی قوم نے نہ صرف ترقی اور اختراع کی بلندیوں کو چھو لیا بلکہ عالمی برادری کی طرف دوستی کا ہاتھ بھی بڑھایا ہے۔پاور کوریڈور سے لے کر عام شہریوں کے دلوں تک چین نے گھر کرلیا ہے۔ چین کی عظمت امن، تعاون اور انسانیت کی بھلائی کے غیر متزلزل عزم میں مضمر ہے۔ ہم عظیم چینی قوم کا احترام کرتے ہیں - پاکستان اور چین کے درمیان گہری دوستی اعتماد، احترام اور روشن مستقبل کے مشترکہ ویژن سے منسلک ہے۔ چین سے ہمارا رشتہ برادرانہ محبت، باہمی احترام اور غیر متزلزل اعتماد کا ہے۔پاک چین تعلقات وقت کی کسوٹی پر جانچے اور پرکھے ہے۔ برادر ملک چین کی شاندار کامیابیوں کو فخر کے ساتھ مناتے ہیں -

 وزیر علیٰ مریم نوازنے کہا کہ چین کی کامیابیاں ہمارے لیے بھی حوصلہ افزائی اور قابل تقلید ہیں۔ضرورت کی ہر گھڑی میں چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے-دونوں ممالک خوشحالی اور پر امن مستقبل کی طرف ہاتھ تھام کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ دعا ہے کہ پاک, چین دوستی ہرگزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہوتی رہے۔ چین نے قابل ذکر معاشی تبدیلی لاکر کروڑوں لوگوں کو غربت سے نکالا- ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر اور انڈسٹری کے شعبے میں چین دنیا کے لیے مثال بن چکا ہے۔ ہر عالمی بحران میں چین کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ کووڈ جیسی وبائی بیماری ہو یا قدرتی آفات چین نے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ضرورت مند ممالک کے لیے وسائل مہیا کیے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن کے طور پر، چین نے مستقل طور پر امن و ترقی کو فروع دیا۔ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو عالمی خوشحالی کے لیے چین کے عزم کا اظہارکرتا ہے۔ چین کی اقتصادی ترقی کے ثمرات سے دنیا بھر کے لوگوں مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چین ایک ایسے رہنما کے طور پر ابھرا ہے جس کا وژن سرحدوں سے ماورا ہے-چین سب کے لیے بہتر اور مساوی دنیا کی تعمیر کے علمبردار کے طور پر ابھر رہا ہے۔پاکستان اور چین کی دوستی سمندروں جیسی گہری اور پہاڑوں جیسی مضبوط ہے۔ محمد نواز شریف نے پاک چین دوستی کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد قرار دیا۔ محمد نواز شریف چینی عوام کے ساتھ برادرانہ دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ہر عالمی فورم پر چین ایک سچے اور وفادار دوست کے طور پر پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔

وزیراعلی مریم نواز نے کہاکہ معاشی مدد ہو، سفارتی حمایت ہو یا بحران کے وقت مدد، چین نے ہمیشہ حقیقی معنوں بھائی ثابت کیا ہے۔  ہمارے مشترکہ مستقبل کا ایک اہم ترین ثبوت چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور (CPEC) ہے۔ سی پیک محض ایک منصوبہ نہیں، دو قوموں کے لیے امید، ترقی اور خوشحالی کی علامت ہے۔ چین بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے ذریعے اقتصادی ترقی تک رسائی کا قابل قدر اقدام سر انجام دے رہا ہے۔ سی پیک پاکستان کے معاشی منظر نامے کو تبدیل کر رہا ہے-  مجھے یہ کہتے ہوئے فخر ہے کہ پنجاب مثبت معاشی تبدیلی میں سب سے آگے ہے۔ مضبوط صنعتی بنیاد اور متحرک افرادی قوت کے ساتھ، پنجاب چینی سرمایہ کاری کے لیے منفرد مقام رکھتا ہے۔ چین سے شراکت داری کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے، پنجاب حکومت چینی سرمایہ کاروں کیلئے خصوصی پیکج دے رہی ہے-پنجاب کو چینی کاروبار کے لیے ایک پسندیدہ مقام بنانے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

 چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیریں نے خطاب میں وزیر اعلیٰ مریم نواز  کے عوام دوست اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا اورنواز شریف آئی ٹی سٹی،کینسر ہسپتال، ائیر ایمبولینس، اپنی چھت... اپنا گھر پروگرام کا خصوصی ذکر کیا-چینی قونصل جنرل ژاؤ شیریں نے اپنے خطاب میں کہاکہ سولر پینل پروگرام سے عوام کو حقیقی ریلیف ملے گا - حکومت پنجاب عوام کے لیے بہترین خدمات سر انجام دے رہی ہے۔ژاؤ شیریں نے پاک چین دوست زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا- چینی قونصل جنرل نے کہاکہ یہ میرا نہیں ہمارا دن ہے،تقریب میں مہمانوں کی شرکت پاک چین تعلقات کے استحکام کی دلیل ہے-

تقریب میں عوامی جمہوریہ چین اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے- چینی فنکاروں نے روایتی چینی ثقافتی فن کا مظاہرہ کیا -وزیر اعلیٰ مریم نواز ، چینی قونصل جنرل اور دیگر نے ملکر عوامی جمہوریہ چین کی 75 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا - چینی موسیقی، دھرتی سے محبت کے گیت اور ڈریگن شو بھی پیش کیے گئے- گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے بھی تقریب سے خطاب کیا-سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیرصنعت چوہدری شافع حسین،چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، آئی جی عثمان انور اور دیگر حکام بھی موجود تھے-