پی ٹی آئی کا لاہور جلسہ، مسلم لیگ( ن) کا 3 ہزار افراد کا دعویٰ لیکن دراصل کتنے لوگ شریک تھے؟ مختلف اعدادوشمار سامنے آگئے

پی ٹی آئی کا لاہور جلسہ، مسلم لیگ( ن) کا 3 ہزار افراد کا دعویٰ لیکن دراصل کتنے ...
پی ٹی آئی کا لاہور جلسہ، مسلم لیگ( ن) کا 3 ہزار افراد کا دعویٰ لیکن دراصل کتنے لوگ شریک تھے؟ مختلف اعدادوشمار سامنے آگئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ویب ڈیسک) گزشتہ روز لاہور کے علاقے کاہنہ کے مویشی منڈی گراؤنڈ میں پاکستان تحریک انصاف نے میدان سجایا جس کے بارے میں مسلم لیگ (ن) نے دعویٰ کیا کہ 3 ہزار افراد شریک ہوئے ہیں لیکن اب اس کے برعکس مختلف اعدادوشمار سامنے آگئے ہیں۔

"آج نیوز" کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کو 6بجے تک جلسے کی اجازت دی گئی تھے، لیکن جلسے کی ڈیڈلائن ختم ہونے تک خیبرپختونخوا کا قافلہ جلسہ گاہ نہ پہنچ سکا اور صوبائی حکومت نے شہر میں داخلے کی تمام راستے بند کردیئے۔

صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے شام 6بجے دعویٰ کیا کہ جلسہ گاہ میں 1500 سے 1600 لوگ پہنچے ہیں، میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عالیہ حمزہ کے ساتھ 100 لوگ آئے ہیں، لطیف کھوسہ 25 لوگ ساتھ لائے ہیں، حلیم عادل شیخ کراچی سے 60 لوگوں کا انقلاب لائے، زرتاج گل کے ساتھ 100 سے 150 افراد جلسہ گاہ آئے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ گوجرانوالہ سے 65 سے 85 لوگ آئے ہیں، فیصل آباد سے 63 سے 77 لوگ آئے ہیں، ساہیوال سے 26 سے 32 لوگ موجود ہیں، ملتان سے 117 سے 155 لوگ موجود ہیں، ان کا کہنا تھا کہ رائے حسن نواز 60 سے 70 لوگوں کے ساتھ آئے ہیں، عمر ڈار 20 لوگوں کے ساتھ جلسہ گاہ آئے ہیں، ملک تیمور مسعود 5 لوگوں کے ساتھ گاڑی پر آئے، پنجاب سے 3 ہزار لوگ جلسہ گاہ میں موجود ہیں۔

اس کے برعکس" ہم نیوز" کے پروگرام میں مزمل سہروردی نے موقع پر موجود رپورٹر سے تعداد جاننا چاہی تو  شفیق شریف نے بتایا کہ  اگر حقیقت کو دیکھا جائے تو تحریک انصاف ایک اچھا ہجوم اکٹھا کرنے میں کامیاب ہوئی، تعداد گننا تو ممکن نہیں لیکن گراؤنڈ سارا بھر گیا تھا جو بہت بڑا اور رنگ روڈ سے ملحقہ ہے۔

غیر جانبدار آبزرورز کا خیال ہے کہ 20 ہزار جلسہ گاہ پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں،3بجے سے پہلے 5 سے 7 ہزار کارکنان، 4 بجے کے بعد 10 سے 15 ہزار کارکنان پہنچ چکے تھے، ڈرون کیمروں سے خود دیکھا کہ اندر داخل ہونے اور باہر جانیوالے راستوں پربھی بڑی تعداد میں کارکنان موجود تھے، زیادہ تر لوگ اپنی مدد آپ کے تحت پہنچے ہیں۔ 

انہوں نے مزید بتایا کہ علی امین گنڈا پور کاقافلہ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے قافلے مقررہ وقت تک جلسہ گاہ نہیں پہنچے تھے، جن کے بارے میں کہا گیا تھا کہ وہ پہنچیں گے ، اس کے باوجود کارکنان کی ایک بڑی تعداد دیکھنے کو ملی ، پی ٹی آئی ایک اچھا اجتماع کرنےمیں کامیاب ہوئی ، البتہ اگر کوئی1 یا 2 لاکھ کا دعویٰ کرے تو وہ بھی ٹھیک نہیں ہوگا، 20ے 50 ہزار کا دعویٰ کیا جاسکتا ہے۔

اس کے علاوہ جلسہ گاہ کی لائیو کوریج سے لی گئی تصاویر میں آپ جلسے میں موجود شرکاء کی تعداد کا بخوبی اندازہ لگا سکتے ہیں۔مختلف سوشل میڈیا پیجز پر لائیو دکھائی گئی ویڈیوز میں بھی دیکھا گیا ہے کہ جلسہ گاہ کے علاوہ رنگ روڈ پر بھی آدھے کلومیٹر سے زائد  تک کارکنان کے ڈیرے تھے۔