سناروں کے گرد بھی گھیرا تنگ، ایف بی آر نے نوٹسز جاری کردیئے، اسلام آباد کی بڑی رئیل سٹیٹ کمپنی پر بھی چھاپہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس نہ دینے والے سناروں کو نوٹسز جاری کردیئے۔
’’جیو نیوز‘‘ کے مطابق ایف بی آر نے پنڈی، اسلام آباد، فیصل آباد اور ملتان میں سناروں کو نوٹس جاری کرکے ٹیکس معاملات سے متعلق جواب طلب کیا ہے۔ دوسری جانب ایف بی آر نے اسلام آباد کی بڑی رئیل سٹیٹ کمپنی پر بھی چھاپہ مارا ہے۔
گزشتہ روز خبر سامنے آئی تھی کہ ایف بی آر نے 60 ہزار جیولرز کا ڈیٹا جمع کیا ہے جن میں سے صرف 21 ہزار جیولرز ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں اوران 21 ہزار رجسٹرڈ جیولرز میں سے بھی صرف 10 ہزار 524 نے ٹیکس ریٹرن داخل کیے ہیں۔
ذرائع کا بتانا تھا کہ بیشتر جیولرز اپنی آمدنی کم ظاہر کرکے ٹیکس چھپا رہے ہیں، ٹیکس چھپانے والے جیولرز کے خلاف کارروائی شروع کی جاری ہے جس کے لیے پہلے مرحلے میں پنجاب کے 900 جیولرز کی فہرست تیار کی گئی ہے۔