فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کی غیر قانونی تعمیرفوری بند کی جائے: اقوام متحدہ
اقوام متحدہ (اے پی پی) اقوام متحدہ نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔اقوام متحدہ کے کوآرڈینیٹر نکولائی ملادینوف نے کہا ہے کہ اسرائیل نے گزشتہ ماہ مغربی کنارے کے علاقے میں نئی بستی تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے اور فلسطینیوں کی سیکڑوں ہیکٹر اراضی کو ضبط کرلیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا یہ اقدام مغربی کنارے کی فلسطینی آبادیوں کے درمیان رخنہ اندازی کی کوشش ہے۔انہوں نے غزہ میں جاری انسانی بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کو روزانہ چھے گھنٹے سے بھی کم بجلی فراہم کی جاتی ہے جو انتہائی تشویش کا باعث ہے۔واضح رہے کہ اسرائیل نے2006ء سے غزہ کا محاصرہ کر رکھا ہے۔