کراچی؛ مختلف علاقوں میں چھاپے، 13 افراد گرفتار
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران 13افراد کو گرفتار کرلیا۔کراچی کے علاقے لانڈھی عوامی کالونی میں پولیس نے سرچ آپریشن کرکے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان جرائم کی مختلف وارداتوں میں ملوث ہیں جن کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔ بلدیہ گلشن غازی میں پولیس نے گھر گھر تلاشی کے دوران انسداد دہشت گردی کی عدالت سے مفرور ملزم گل نواب کو گرفتار کرنے کے علاوہ پندرہ دیگر مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ فرئیر پولیس نے سی سی ٹی وی ویڈیو کی مدد سے موٹرسائیکل لفٹر یاسین علی کو گرفتار کرکے ملزم کے قبضے سے چار موٹرسائیکلیں برآمد کرلیں۔ایس پی گلبرگ بشیر بروہی کے مطابق یوسف پلازہ پولیس نے آئی پی ایل پر سٹیکا اڈا چلانے والے شمعون میمن سمیت پانچ سٹے بازوں کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان سے لیپ ٹاپ، موبائل فون، انٹرنیٹ ڈیوائس، نقدی اور بینک اسٹیٹمنٹس برآمد کرلیں ۔دوسری جانب لیاری کے علاقے چاکیواڑہ میں گزشتہ روز فائرنگ سے زخمی ہونے والا گل حسن دوران علاج دم توڑ گیا۔