آئی پی او آر کے عوامی سروے اور محمد شہباز شریف 

آئی پی او آر کے عوامی سروے اور محمد شہباز شریف 
آئی پی او آر کے عوامی سروے اور محمد شہباز شریف 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


برطانیہ کے معروف جریدے دی اکانومسٹ کی رپورٹ کے مطابق گیلپ اور امریکی ادارے گلوبل سٹرٹیجک پارٹنر سمیت عالمی ادارے محمد شہباز  شریف کی کارکردگی کو سراہتے ہیں۔شہباز شریف کی وزارتِ اعلیٰ کے دوران عوام کی فلاح وبہود کے لئے جو انقلابی اقدامات اُٹھائے گئے تھے، مختلف سروے رپورٹوں میں ان کے منصوبوں کو آج بھی عوام اچھے الفاظ میں یاد کرتے ہیں۔ انسٹیٹیوٹ فار پبلک اوپنین ریسرچ (IPOR) کے تازہ ترین سروے میں بھی عوام کی اکثریت نے قرار دیا ہے کہ اس وقت شہباز شریف ایسا لیڈر ہے جو حالات کو بہتر کر سکتا ہے۔ ملک کو موجودہ بحرانوں اور چیلنجوں سے نکال سکتے ہیں۔ 28فیصد عوام نے شہباز شریف کے حق میں ووٹ دیا۔ 23فیصد نے وزیر اعظم عمران خان کے حق میں اور 8فیصد نے بلاول بھٹو کے حق میں اپنی رائے کا اظہار کیا۔ IPORسروے کے مطابق الیکشن ہو جائے تو انتخابات میں عوام مسلم لیگ(ن) کا انتخاب کریں گے۔ 63فیصد عوام نے بجٹ کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی بڑ ھ گئی ہے۔

کورونا پر حکومت کے اقدامات کو 51فیصد عوام نے تسلی بخش قرار دیا۔سروے میں مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت پہلے سے بڑھ گئی،جبکہ تحریک انصاف کی مقبولیت میں کمی واقع ہوئی ہے۔عوام مہنگائی سے بہت تنگ ہیں۔IPORکے سروے سے ثابت ہوگیا کہ عوام حکومت کی کاکردگی سے مطمئن نہیں۔
راقم الحروف پہلے بھی کئی کالموں میں لکھ چکا ہے کہ پنجاب کے عوام کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں محمد شبہاز شریف جیسا لیڈر نصیب ہواہے۔اس سے پہلے برطانیہ کے جریدے دی اکانومسٹ کی رپورٹ میں کہا گیا تھا شہباز شریف کے دور حکومت میں پنجاب  میں جس طرح تیز رفتاری کے ساتھ تعلیمی شعبے میں اقدامات اُٹھائے گے اور اسے دُنیا کے لئے مثالی بنا دیا گیا، اس کا کریڈٹ شہباز شریف کو دیا گیا اس سے پہلے امریکی ادارے گلوبل سٹرٹیجک پارٹنر نے لیڈرشپ کے حوالے سے شہباز شریف کو بہترین قرار دیا تھا۔


پنجاب حکومت نے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے اُٹھائے گئے اقدامات جن کے تحت ہر سال چھ ارب روپے  کے وظائف طلباء میں تقسیم کئے گئے۔ اس پروگرام کے تحت چھٹی سے دسویں جماعت تک چار لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد طلباء مستفید ہوئے تھے۔ خدمت کارڈ کے ذریعے طلباء کو ماہانہ ایک ہزار روپے  فی کس کے حساب سے وظائف دیئے گئے تھے۔پنجاب میں شہباز شریف نے ”اُجالا پروگرام“ کے تحت دو لاکھ دس ہزار سولر لیمپس ہونہار طلباء میں میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کئے تھے۔محمد شہباز شریف جب 2008ء میں وزیراعلیٰ منتخب ہوئے تو پسماندگی کے خاتمے کے لئے ایک ارب روپے سے پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا تھا۔ دس سال بعد اس کا حجم 20ارب تک پہنچ گیا۔پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ میں پورے ملک کے طلباء کو وظائف دیئے جا رہے ہیں۔

پنجاب کے پسماندہ اضلاع میں غریب اور ہونہار بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے دانش ماڈل سکو ل قائم کئے تھے، جن کا معیار کریڈٹ کالج سے بہتر ہے۔ پورے ملک کے طلباء و دانش ماڈل سکولز میں کوٹہ مختص کیا تھا، اسی طرح طالب علموں کے لئے ٹیکنالوجی تک رسائی کے لئے لیپ ٹاپ سکیم شروع کی تھی۔میرٹ کی بنیاد پر لاکھوں طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے تھے۔ دس ہزار سکولوں میں آئی ٹی لیبارٹریز قائم کی تھیں۔دُنیا بھر کی اعلیٰ یونیورسٹیوں میں ماسٹر اور پی ایچ ڈی کی ڈگری کے حصول کے لئے ”شہباز میرٹ سکالرشپ“سکیم کا آغاز کیا تھا ذہین طلباء کو امریکہ اور یورپ کی بہترین یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کے لئے سکالرشپ دی گئی۔ شہباز شریف نے ناخواندگی کے خاتمے اور علم کی روشنی پھیلانے والے انقلابی اقدامات  کئے تھے۔ان کی علم دوستی کی وجہ سے غریبوں کے بچے اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور ان کو دُعائیں دیتے ہیں۔ شہباز شریف کی تعلیم دوست پالیسیوں سمیت دیگر فلاحی کاموں کے عوام کے علاوہ سیاسی اور غیر سیاسی لوگ معترف ہیں۔تعلیم اور عوام کی فلاح وبہود پر کام کرنے والے کئی بین الاقوامی ادارے بھی ان کے اقدامات کو سراہتے ہیں، جو  دیگر حکومتوں کے لئے قابل تقلید ہیں۔

مزید :

رائے -کالم -